• KHI: Sunny 26.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 26.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

قرآن کا ترجمہ سنتی ہوں تاکہ جان سکوں اللہ ہم سے کیا کہتا ہے، نوشین شاہ

شائع November 25, 2025
—فوٹو: اسکرین گریب
—فوٹو: اسکرین گریب

اداکارہ نوشین شاہ نے بتایا کہ وہ قرآن کا ترجمہ سنتی ہیں تاکہ بہتر طور پر سمجھ سکیں کہ اللہ ہم سے کیا کہتا ہے۔

نوشین شاہ نے حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ایک خواب اور اس کے اثرات کے بارے میں کھل کر بات کی۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے کافی سال پہلے ایک خواب دیکھا جس میں شاید وہ خود تھیں، ان کے بھائی اور والدہ بھی موجود تھیں اور سب چہل قدمی کر رہے تھے، اس دوران ان کے کانوں میں ایک آواز آئی کہ اگر تم نے اپنے سر سے دوپٹہ اتارا تو تمہارے فرشتے تمہارا ساتھ چھوڑ دیں گے۔

نوشین شاہ نے کہا کہ خواب دیکھنے کے فوراً بعد ان کی آنکھ کھل گئی، وہ ڈر گئیں اور پاس پڑا ہوا اپنا دوپٹہ اٹھا کر سر کو ڈھانپ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد وہ ہمیشہ کوشش کرتی رہیں کہ دوپٹہ ان کے سر سے کبھی بھی نہ اُترے اور زیادہ تر وقت ان کے سر پر دوپٹہ رہتا، تاہم کام کی نوعیت کے مطابق کبھی کبھار وہ شوٹنگ کے دوران ایسا نہیں کر پاتی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس دوران انہیں محسوس ہونے لگا کہ وہ دو طرح کی زندگی گزار رہی ہیں، ایک جگہ پر سر پر دوپٹہ ہے اور دوسری جگہ پر نہیں، جس پر انہوں نے خود سے سوال کرنا شروع کیا کہ یہ کیا ہو رہا ہے، پھر انہیں احساس ہوا کہ ابھی وہ اس سب کے لیے تیار نہیں ہیں، جس کے بعد انہوں نے اللہ سے معافی مانگی اور پرانی زندگی کی طرف واپس لوٹ گئیں۔

نوشین شاہ نے مزید کہا کہ اس کے بعد سے انہوں نے قرآن کا ترجمہ سننا شروع کیا ہے تاکہ جان سکیں کہ اللہ قرآن میں ہم سے کیا کہتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ باعمل مسلمان نہیں ہیں، اسی لیے اکثر وہ اللہ سے معافی مانگتی رہتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اکثر دعا کرتی تھیں کہ اللہ اگر پیار کرتا ہے تو انہیں نماز کا پابند بنا دے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ان کی دعا سن لی اور اب وہ پابندی کے ساتھ نماز ادا کرتی ہیں اور انہیں اس میں بہت مزا آتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025