• KHI: Sunny 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Cloudy 18.6°C
  • KHI: Sunny 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Cloudy 18.6°C

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

شائع November 25, 2025
— فوٹو: پاکستان ٹینس فیڈریشن
— فوٹو: پاکستان ٹینس فیڈریشن

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے پیر کی رات اسلام آباد میں اے ٹی پی چیلنجر پاکستان کی افتتاحی تقریب کے دوران پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اس ماہ کے آغاز میں پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق نے کہا تھا کہ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کو اپنے وطن میں لانا ہمیشہ سے ان کا خواب تھا جو بالآخر پورا ہو گیا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران 45 سالہ ٹینس اسٹار کا کہنا تھا ’مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ آنسو میرے کیریئر کے لیے ہیں یا بطور صدر چیلنجر کپ کی میزبانی کے لیے ہیں‘۔

پی ٹی ایف نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا’ ان کی میراث آنے والے کھلاڑیوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی اور ملک بھر میں ٹینس کے فروغ اور شناخت میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی‘۔

1998 میں پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے اعصام الحق واحد پاکستانی ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2010 کے یو ایس اوپن میں مردوں کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز دونوں کیٹیگریز کے گرینڈ سلیم فائنل میں جگہ بنائی۔

اے ٹی پی ٹور کے مطابق اعصام نے دسمبر 2007 میں سنگلز میں کیریئر کی بہترین عالمی رینکنگ 125 حاصل کی جب کہ جون 2011 میں ڈبلز میں بھارتی ساتھی روہن بوپنا کے ساتھ عالمی نمبر 8 تک پہنچے۔

اے ٹی پی نے رواں ماہ ٹورین میں ہونے والے نِٹو اے ٹی پی فائنلز میں اعصام اور 7دیگر ریٹائرڈ اسٹارز کو خراج تحسین پیش کیا۔

سابق ٹاپ 10 اسٹار اعصام کا کہنا تھا کہ اس مقام تک پہنچنا ایک حیرت انگیز احساس ہے کیوں کہ پاکستانی ہونے کے ناطے بچپن میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا کیریئر اتنا طویل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اے ٹی پی میرے لیے ایک دوسرے گھر کی طرح تھا، میرے سفر میں اچھے اور برے دونوں وقت آئے، لیکن مجموعی طور پر باہمی دوستی اور اعتماد ہی وہ سب سے قیمتی چیز ہے جو میں نے حاصل کی۔

دوسری جانب، انسانی خدمت کے میدان میں اعصام کی کوششوں کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا، انہیں اور ان کے ساتھی بوپنا کو ’اسٹاپ وار، اسٹارٹ ٹینس‘ مہم کے لیے (پیِس اینڈ اسپورٹ) ایوارڈ دیا گیا، جس کا مقصد پاک بھارت سرحد پر ٹینس میچ کے ذریعے امن کا پیغام دینا تھا۔

اس کے علاوہ وہ پرائیڈ آف پاکستان (2004) اور سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ (2007) کے بھی حامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025