علی ترین نے پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کو خیر آباد کہہ دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے اونر علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ طویل تنازع کے بعد اپنی ٹیم کی ملکیت چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق علی ترین نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر فینز کے نام جذباتی پیغام میں ملتان سلطانز کی اونر شپ چھوڑنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے لکھا کہ اس ٹیم کا حصہ رہنا میری زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک رہا ہے، میں فینز اور اس ٹیم سے محبت کرتا ہوں، جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرنا میرے لیے ہمیشہ فخر کی بات رہی، وہ چیز جس پر میرے مرحوم چچا عالمگیر ترین بھی بے حد فخر کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر سیزن میں اپنے کھلاڑیوں اور اسٹاف کو بتاتا تھا کہ اس خطے کی نمائندگی کرنے کا کیا مطلب ہے، ایک ایسی جگہ جہاں لوگ محنت کرتے ہیں، اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوتے ہیں اور روز مرہ کے چیلنجز کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہیں۔
علی ترین نے مزید کہا کہ میں کہتا تھا کہ اگر آپ ہار بھی جائیں تو فینز آپ کو معاف کر دیں گے، لیکن اگر آپ لڑنا چھوڑ دیں تو کبھی معاف نہیں کریں گے، یہی سوچ میدان کے اندر اور باہر ہماری ہر کوشش کی بنیاد رہی ہے۔
مزید کہا کہ ہر گزرتے سال مالی خساروں کے باوجود میں نے کبھی ایک لمحے کے لیے بھی پیچھے ہٹنے کا نہیں سوچا، ملتان سلطانز میرے لیے صرف نمبرز کی حد تک نہیں تھی، میں ہمیشہ اسے بچانے کے لیے ہر حد تک جانے کے لیے تیار تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں جانتا ہوں کہ میں ہر کسی کی پسند نہیں اور مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن میں ہمیشہ ایماندار رہا اور ہمیشہ اپنی بات کھل کر کہی، میں نے کبھی یہ نہیں سیکھا کہ محفوظ کھیلوں یا صرف وقت گزاروں۔
یہ میری فطرت ہی نہیں اور اگر ٹیم کے ساتھ رہنے کا مطلب اپنے اصولوں سے سمجھوتہ کرنا ہے تو پھر میرے پاس صرف ایک ہی انتخاب رہ جاتا ہے، میں گھٹنوں کے بل یہ ٹیم چلانے کے بجائے پاؤں پر کھڑے ہو کر اسے کھو دینا پسند کروں گا، تو یہ میری جانب سے الوداع ہے۔
براہِ کرم یہ جان لیں کہ یہ ٹیم کبھی صرف اس کے مالک کی نہیں رہی، یہ آپ کی ہے اور جنوبی پنجاب کی ہے، اس لیے جو بھی سلطانز کا اگلا اونر بنے گا، آپ اسے اسی جذبے سے سپورٹ کرتے رہیں اور آپ مجھ پر بھروسہ رکھیں، میں بھی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر انہیں سپورٹ کرتا نظر آؤں گا۔












لائیو ٹی وی