پاکستان، بحرین کا اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز بحرین کی مملکت کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جو باہمی احترام اور مشترکہ مذہبی اقدار پر مبنی ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق 2 روزہ سرکاری دورے پر بحرین میں موجود وزیراعظم نے منامہ میں شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی، اور دونوں ممالک کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کی توثیق کی۔
معاشی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان۔جی سی سی فری ٹریڈ ایگریمنٹ (جو تکمیلی مراحل میں ہے) سے دوطرفہ تجارت میں تیزی آئے گی۔
انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے پاکستان میں، خصوصاً فوڈ سیکیورٹی، آئی ٹی، تعمیرات، کان کنی، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے بحرین میں موجود ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے لیے حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستانی قیدیوں کو معاف کرنے پر بھی بادشاہ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک نے طویل عرصے سے قائم دفاعی شراکت داری کی اہمیت کو برقرار رکھنے اور تربیت، لاجسٹکس، افرادی قوت اور دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
غزہ کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی اور دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے عوام کے لیے دیرپا امن اور استحکام بہت ضروری ہے۔
وزیراعظم نے بحرین کو 27-2026 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست جیتنے پر مبارکباد دی اور قریبی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں اطراف نے موجودہ دوطرفہ 55 کروڑ ڈالر سے زائد کی تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔
ولی عہد کے ساتھ ملاقات
وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے بھی ملاقات کی، جو اس اعتماد کے ساتھ ختم ہوئی کہ یہ بات چیت عملی نتائج دے گی اور پاک–بحرین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم کا منامہ ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
پی ٹی وی کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ خوشگوار تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس کا مقصد نتیجہ خیز اور اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
گزشتہ ماہ پاکستان اور بحرین نے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے پہلے اجلاس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔












لائیو ٹی وی