شوہر کے وزیر اعظم بننے پر خاتون دوئم بنوں گی، فرح اقرار
ٹی وی میزبان اقرار الحسن کی اہلیہ سابق نیوز اینکر فرح اقرار نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں ان کے شوہر وزیر اعظم بنے تو وہ خاتون اول نہیں بلکہ دوئم بنیں گی۔
فرح اقرار نے حال ہی میں ’نیو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوہر کے سیاست میں آنے اور مستقبل میں وزیر اعظم بننے پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر اقرار الحسن نے نوجوانوں کو سیاست میں متحرک کرنے کی تحریک شروع کرنے سے قبل ان سے مشورہ کیا تھا۔
ان کے مطابق ان کے شوہر کا ہدف نوجوان ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ جب پرانی سیاست پارٹیوں کے لوگ وزیر اعظم بن سکتے ہیں تو عام نوجوان کیوں نہیں بن سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر خود کو وزیر اعظم بنانے کی بات نہیں کرتے بلکہ وہ عام نوجوانوں کو وزیر اعظم بننے پر اکساتے ہیں۔
فرح اقرار کے مطابق ابھی ان کے شوہر کی تحریک انتہائی ابتدائی مراحل میں ہے، ابھی وہ صرف نوجوانوں سے ملنے کے پروگرامات کرتے ہیں، مستقبل میں اس کا کیا نتیجہ نکلے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ان کے شوہر نے سیاسی طور پر نوجوانوں کو متحرک کرنے کی تحریک کا آغاز کیا تو بہت سارے لوگوں نے ان پر الزامات لگانا شروع کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی یہی کہنے لگا تھا کہ اقرار الحسن کو لانے والے کوئی اور ہیں اور وہ کسی کے اشاروں اور کہنوں پر سیاسی طور پر متحرک ہوئے ہیں۔
فرح اقرار نے بتایا کہ انتہائی قریبی لوگوں کے شک کرنے پر انہیں بھی شک ہوا کہ شاید ان کے شوہر کسی اور کے کہنے پر سیاست میں متحرک ہوئے ہیں، جس پر انہوں نے شوہر سے بھی دریافت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شوہر سے سوال کرنے پر وہ مایوس بھی ہوئے اور کہا کہ اب اپنے گھر والے بھی ان کے شک کرنے لگیں گے۔
اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے فرح اقرار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں ان کے شوہر وزیر اعظم بنتے ہیں تو وہ خاتون اول نہیں بلکہ دوئم بنیں گی۔
ان کے مطابق چوں کہ ان کے شوہر کی بیویاں زیادہ ہیں، اس لیے وہ خاتون اول نہیں بنیں گی بلکہ وہ خاتون دوئم بنیں گی۔
خیال رہے کہ اقرار الحسن نے تین شادیاں کر رکھی ہیں، ان کی پہلی بیوی قرت العین، دوسری فرح اقرار اور تیسری عروسہ خان ہیں، تینوں اینکر رہ چکی ہیں۔












لائیو ٹی وی