بنوں: میرانشاہ روڈ پر دہشت گردوں کا حملہ، اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید
بنوں میں میرانشاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں نے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر حملہ کردیا، حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی، دو پولیس اہلکاراور ایک شہری شہید ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، تمام لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حملے کے بعد گاڑی کو آگ لگادی گئی۔
پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ سے بنوں آ رہے تھے، پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔
ریجنل پولیس آفس (آر پی او) کے ترجمان کاشف نواز نے ڈان سے گفتگو میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ کینٹ تھانے کی حدود میں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں 2 کانسٹیبلز اور ایک مقامی شہری شہید ہوئے، جبکہ 2 دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پاکستان میں حالیہ عرصے کے دوران خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جب سے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے 2022 میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کی تھی۔
جنگ بندی کے خاتمے کے بعد ٹی ٹی پی نے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔












لائیو ٹی وی