صائم ایوب ایک بار پھر ٹی20 کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی جس میں قومی کرکٹر صائم ایوب ایک بار پھر ٹی 20 کرکٹ کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی نے ترقی کرتے ہوئے ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنالی ہے، جب کہ پاکستان کے صائم ایوب ایک بار پھر ٹی20 کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی میں 135 رنز کی شاندار اننگز کے بعد کوہلی ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے اور اب وہ نمبر ون روہت شرما سے صرف 32 پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل میں روہت شرما بدستور پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی20 میں پاکستان کے صائم ایوب نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی سیریز فائنل میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی، فائنل میں 36 رنز اور ایک اہم وکٹ نے ان کی رینکنگ میں اہم کردار ادا کیا۔
صائم ایوب 294 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئے، صائم ایوب نے سکندر رضا سے پہلی پوزیشن چھین لی جب کہ ٹی 20 آل راؤنڈر رینکنگ میں محمد نواز چوتھے نمبر پر آگئے۔
باؤلر رینکنگ میں پاکستان کے ابرار احمد 4 درجے ترقی کے ساتھ ٹی20 باؤلرز رینکنگ میں چوتھے جب کہ محمد نواز 11ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن ٹیسٹ بولرز میں پانچویں اور آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جب کہ سائمن ہارمر نے 13 درجے ترقی کے بعد 11ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔












لائیو ٹی وی