عابد علی کے انتقال کا صدمہ بہت شدید تھا، لوگوں کی محبتوں نے مجھے زندگی کی طرف لوٹایا، رابعہ نورین
سینئر اداکارہ رابعہ نورین نے بتایا کہ عابد علی کے جانے کا صدمہ بہت شدید تھا، لیکن لوگوں کی محبت اور تعاون نے انہیں دوبارہ زندگی کی طرف واپس آنے کی ہمت دی۔
رابعہ نورین نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور مرحوم شوہر عابد علی کے حوالے سے یادیں شیئر کیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں شوہر عابد علی زندگی کے ہر لمحے یاد آتے ہیں اور وہ جان بوجھ کر خود کو مصروف رکھتی ہیں تاکہ ان کی یاد کم محسوس ہو۔
انہوں نے کہا کہ عابد علی ان کے لیے چھاؤں، سائبان اور زندگی تھے، عابد علی کے انتقال کا صدمہ بہت شدید تھا اور وہ شاید اس سے بچ نہیں سکتیں، لیکن لوگوں کی محبتوں نے انہیں زندگی کی طرف واپس لانے میں مدد کی۔
رابعہ نورین نے اپنی پہلی ملاقات عابد علی سے فلائٹ میں بتائی، جب وہ ایئرلائن میں نوکری کر رہی تھیں، اس ملاقات کو انہوں نے ایک پروفیشنل ملاقات قرار دیا۔
انہوں نے بعد میں ایئرلائن کی نوکری چھوڑ کر ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا اور اسی دوران ایک شوٹنگ کے موقع پر دوبارہ عابد علی سے ملاقات ہوئی، جس میں وہ ان کی شخصیت سے بہت متاثر ہوئیں۔
اداکارہ نے کہا کہ عابد علی کے بارے میں ان کے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے کیونکہ وہ بہت نفیس اور خوش اخلاق انسان تھے اور کسی کے ساتھ بھی برا رویہ نہیں رکھتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے بعد ان کے درمیان فون نمبرز کا تبادلہ ہوا اور تقریباً چھ ماہ تک صرف خیر خیریت کے پیغامات کا تبادلہ ہوتا رہا، ایک دن جب ان کا پیغام نہ آیا تو انہیں بے چینی ہوئی اور دوبارہ رابطے پر عابد علی سے کہا کہ وہ یہ رابطہ ختم کرنا چاہتی ہیں کیونکہ اس سے مختلف جذبات پیدا ہو رہے ہیں۔
رابعہ نورین نے بتایا کہ عابد علی نے بس یہی جواب دیا کہ جو جیسا چل رہا ہے ویسا ہی چلنے دو اور پھر اسی طرح ہوا۔
اداکار عابد علی کی رابعہ نورین سے دوسری شادی تھی، ان کی پہلی شادی اداکارہ حمیرہ علی سے تھی، جس سے ان کی تین بیٹیاں ہیں، عابد علی نے حمیرہ علی سے علیحدگی کے بعد 2006 میں رابعہ نورین سے شادی کی۔
بعد ازاں عابد علی ستمبر 2019 میں کراچی میں 67 سال کی عمر میں جگر کے عارضے کے سبب انتقال کر گئے تھے۔












لائیو ٹی وی