بلوچستان: سبی میں گرینیڈ حملہ، ایک شخص جاں بحق، پانچ زخمی
سبی: بلوچستان کے ضلع سبی میں چینک چوک کے قریب جمعرات کی شام ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ شام 7 بج کر 5 منٹ پر گرینیڈ حملے کے نتیجے میں پیش آیا۔
سبی میں تعینات اسٹیشن ہاؤس آفیسر غلام علی ابڑو نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ایدھی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ان کے مطابق مجموعی طور پر چھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ایک زخمی راستے میں دم توڑ گیا۔
سبی ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس برکت کھوسہ نے بتایا کہ زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گزشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے وڈھ علاقے میں ایک گھر کے اندر گرینیڈ پھٹنے سے آٹھ سالہ بچہ جاں بحق اور دو خواتین سمیت خاندان کے پانچ افراد زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق سندھ کے ضلع کشمور سے تعلق رکھنے والے دو خاندان اس گھر میں موجود تھے جب نامعلوم افراد نے صحن میں دستی بم پھینکا۔
پاکستان میں نومبر 2022 میں کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کیے جانے کے بعد بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسلام آباد میں قائم سینٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق مجموعی تشدد میں تقریباً 34 فیصد اضافے کے ساتھ 2025 گزشتہ ایک دہائی کا سب سے پرتشدد سال رہا۔ 2021 سے مسلسل پانچ برسوں کے دوران شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی دہشت گردی سے جڑی ہلاکتوں میں ہر سال اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔












لائیو ٹی وی