امریکا نے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا، منشیات اور اسلحے کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے خلاف ’بڑے پیمانے پر حملے‘ کیے ہیں اور اِس کے صدر نکولس مادورو اور اُن کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکا کی اٹارنی جنرل پم بانڈی نے کہا ہے کہ صدر مادورو اور اُن کی اہلیہ پر نیویارک کے سدرن ڈسٹرکٹ میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا نے کامیابی کے ساتھ وینزویلا اور اُس کے رہنما صدر نکولس مادورو کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے، صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ آپریشن امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کیا گیا۔ مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج صبح 11 بجے مار اے لاگو میں پریس کانفرنس ہو گی۔ اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ! صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ۔‘
یہ اعلان امریکا اور وینزویلا کے تعلقات میں ایک غیر معمولی پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ مزید معلومات پریس کانفرنس میں فراہم کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں امریکی اٹارنی جنرل بانڈی کے مطابق مادورو پر درج ذیل الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے؛
’نارکو ٹیررازم سازش‘
’کوکین درآمد کرنے کی سازش‘
’مشین گنز اور تباہ کن ہتھیار رکھنے کا الزام‘
’امریکا کے خلاف مشین گنز اور تباہ کن ہتھیار رکھنے کی سازش‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ جلد ہی امریکی سرزمین پر امریکی عدالتوں میں امریکی انصاف کے مکمل غضب کا سامنا کریں گے۔‘
تاہم بانڈی نے یہ واضح نہیں کیا کہ مادورو کی اہلیہ پر کون سے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کررہے ہیں،ٹرمپ
علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ انہوں نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کی کارروائی، جو رات بھر جاری رہی، کو ’بالکل ایسے دیکھا جیسے میں کوئی ٹیلی ویژن شو دیکھ رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ نے (امریکی کارروائی کی) رفتار اور شدت دیکھی ہوتی، تو یہ ایک حیرت انگیز منظر تھا۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو مزید بتایا کہ وینزویلا کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی فورسز کی جانب سے گرفتار کیے جانے کے بعد اب نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے کہا اُن دونوں پر نیویارک میں فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے اور انہیں ہیلی کاپٹر اور جہاز کے ذریعے ریاست (نیویارک) میں لے جایا جائے گا۔
صدر اور ان کی اہلیہ کے ٹھکانے کا علم نہیں، نائب صدر
وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے سرکاری ٹی وی پر نشر کی گئی ایک آڈیو میں کہا ہے کہ حکومت کو صدر نکولس مادورو یا ان کی اہلیہ سیلیا فلورز کے موجودہ ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات حاصل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صدر نکولس مادورو اور خاتونِ اول سیلیا فلورز کی زندگی کے فوری ثبوت کا مطالبہ کرتے ہیں۔
دریں اثنا، وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پادرینو لوپیز نے امریکا پر رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔
لوپیز نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ حملہ آور امریکی افواج نے ہماری سرزمین کی بے حرمتی کی ہے اور یہاں تک کہ جنگی ہیلی کاپٹروں سے داغے گئے میزائلوں اور راکٹوں کے ذریعے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔












لائیو ٹی وی