’غلامی کے دن ختم‘ بنگلہ دیش کا اپنے ورلڈ کپ میچز بھارت سے منتقل کروانے کا عندیہ
بنگلہ دیش نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے میچز سری لنکا میں کرانے کی درخواست کرے گا۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت میں نوجوانوں اور کھیلوں کے مشیر آصف نذرل نے اتوار کو سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ ہم کسی بھی صورت بنگلہ دیشی کرکٹ، کرکٹرز اور بنگلہ دیش کی توہین قبول نہیں کریں گے، غلامی کے دن ختم ہو چکے ہیں۔
بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو ہفتے کے روز انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے نکال دیا، جب بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں ایسا کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
بنگلہ دیش کے مشیر نذرل نے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کو یہ بات آگاہ کرنی چاہیے کہ اگر کسی بنگلہ دیشی کرکٹر کو معاہدے کے باوجود بھارت میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاتی تو پوری بنگلہ دیشی ٹیم خود کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے محفوظ محسوس نہیں کر سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بورڈ کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی جائے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سات فروری سے شروع ہو رہا ہے، جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کو اپنے چاروں گروپ میچز بھارت میں کھیلنے ہیں۔
پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا، جو ایک ایسے معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت بھارت اور پاکستان کثیر الملکی ٹورنامنٹس میں غیر جانبدار مقامات پر کھیلتے ہیں۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے سیاسی تعلقات اس وقت کشیدہ ہو گئے تھے جب 2024 میں ڈھاکا میں عوامی بغاوت کے نتیجے میں اُس وقت کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ، جو نئی دہلی کی قریبی اتحادی تھیں، اقتدار سے بے دخل ہوگئی تھیں۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف مسلسل دشمنی کی مذمت کی تھی۔
بنگلہ دیش کے عبوری رہنما اور نوبیل امن انعام یافتہ محمد یونس نے بھارت پر تشدد کے پیمانے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بلبل نے کہا کہ بورڈ اتوار کو ہنگامی اجلاس کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کرکٹرز کی عزت اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ان نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب وقت پر فیصلہ کریں گے۔
آصف نذرل نے یہ بھی کہا کہ وہ بنگلہ دیش میں آئی پی ایل کی نشریات روکنے کی درخواست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اطلاعات و نشریات کے مشیر سے درخواست کی ہے کہ بنگلہ دیش میں آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی نشریات بند کی جائیں۔










لائیو ٹی وی