لاہور: نجی یونیورسٹی کی طالبہ کی ’خود کشی‘ کی کوشش، دوسری منزل سے چھلانگ لگادی
لاہور کی نجی جامعہ ’یونیورسٹی آف لاہور‘ میں فارمیسی کے پہلے سمسٹر کی ایک طالبہ نے مبینہ طور پر دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش کی ہے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخی ہوگئیں۔
لاہور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز فیصل کامران نے ڈان کو بتایا کہ طالبہ کا تعلق نارووال سے ہے اور اس کے والدین کو لاہور آنے کے لیے کہا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق طالبہ نے فارمیسی ڈپارٹمنٹ کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی اور ابتدائی طور پر یہ واقعہ خودکشی کی کوشش معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
انہوں نے بتایا کہ طالبہ کی ٹانگیں فریکچر ہو گئی ہیں اور اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ طالبہ کی حالت تشویشناک ہے تاہم سر پر کوئی شدید چوٹ نہیں آئی۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق طالبہ واقعے سے تقریباً آدھا گھنٹہ قبل فون پر کسی سے بات کر رہی تھیں اور اسی دوران انہوں نے چھلانگ لگائی، مزید تفصیلات فی الحال دستیاب نہیں ہیں۔
پولیس نے طالبہ کا موبائل فون تحویل میں لے لیا ہے جو لاک ہے۔ فیصل کامران کے مطابق علاج مکمل ہونے کے بعد طالبہ سے پاس ورڈ طلب کیا جائے گا، بصورت دیگر فون کا تکنیکی تجزیہ کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکتا۔ واقعے کا تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور ڈی آئی جی کے مطابق یہ طالبہ کے والدین پر منحصر ہے کہ وہ شکایت درج کرانا چاہتے ہیں یا نہیں۔
ادھر یونیورسٹی آف لاہور نے کیمپس میں ہونے والی تمام کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق طلبہ کی حفاظت اور عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آن کیمپس تدریسی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں جبکہ منگل 6 جنوری 2025 سے تاحکمِ ثانی تمام تعلیمی سرگرمیاں آن لائن ہوں گی۔
ڈی آئی جی فیصل کامران نے بتایا کہ پولیس نے یونیورسٹی انتظامیہ سے بات کی ہے، جس کے بعد آن کیمپس کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کے مطابق انتظامیہ ہر منزل پر حفاظتی باڑ لگانے یا عملہ تعینات کرنے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
یہ واقعہ اس سے قبل 19 دسمبر کو پیش آنے والے واقعے کے تین ہفتے بعد سامنے آیا ہے، جب یونیورسٹی آف لاہور کے ایک 22 سالہ فارم ڈی کے طالب علم نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر جان دے دی تھی۔
اہلِ خانہ اور ساتھی طلبہ کا کہنا تھا کہ کم حاضری کے باعث طالب علم کو ذہنی دباؤ اور تضحیک کا سامنا تھا اور فیس ادا کرنے کے باوجود اس کا پورا سمسٹر ضائع ہونے کا خدشہ تھا۔











لائیو ٹی وی