’کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے‘ پاکستان کا وینزویلا کی صورتحال پر اظہارِ شدید تشویش

شائع January 6, 2026
عثمان جدون نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات عدم استحکام کو ہوا دیتے ہیں، جو تاریخ کے مطابق برسوں تک غیر متوقع اور قابو سے باہر نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔ فوٹو: اقوام متحدہ ایکس اکاؤنٹ
عثمان جدون نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات عدم استحکام کو ہوا دیتے ہیں، جو تاریخ کے مطابق برسوں تک غیر متوقع اور قابو سے باہر نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔ فوٹو: اقوام متحدہ ایکس اکاؤنٹ

نیویارک: پاکستان نے وینزویلا میں ہونے والی پیش رفت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہاں بڑھتی ہوئی کشیدگی علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہے۔

یہ بیان پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں دیا گیا جو وینزویلا کی تازہ صورتحال پر غور کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ یہ سلامتی کونسل کا رواں سال کا پہلا اجلاس بھی تھا، جس کی صدارت اس وقت صومالیہ کے پاس ہے۔

امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا میں اچانک فوجی کارروائی کی، جس کے دوران خصوصی دستوں نے رات کو چھاپے میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو گرفتار کر لیا۔

پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں سے دوچار ہے، خطے میں عدم استحکام علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے نیک شگون نہیں۔

انہوں نے سلامتی کونسل کے ارکان کو یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر ریاستوں کو کسی بھی ملک کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی سے باز رہنے، خودمختار مساوات، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور تنازعات کے پرامن حل کا پابند بناتا ہے۔

سفیر عثمان جدون نے کہا کہ یکطرفہ فوجی کارروائی ان مقدس اصولوں اور ریاستی استثنا کے نظریے کے بھی منافی ہے اور ایسی کارروائیاں خطرناک مثالیں قائم کرتی ہیں جو عالمی قانونی ڈھانچے کی بنیادوں کو کمزور کر سکتی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات انتشار اور افراتفری کو ہوا دیتے ہیں۔

کشیدگی میں کمی پر زور دیتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ اس نازک مرحلے پر آگے بڑھنے کا راستہ مکالمہ اور سفارت کاری ہونا چاہیے، اور سیاسی اختلافات کا پائیدار حل صرف پرامن ذرائع سے وینزویلا کے عوام کی مرضی کے مکمل احترام کے ساتھ بیرونی مداخلت کے بغیر ہی ممکن ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاطینی امریکا اور کیریبین جنہیں امن کا خطہ تسلیم کیا جاتا ہے، تنازع اور محاذ آرائی سے پاک رہیں گے اور علاقائی تعاون اور خوشحالی کی جانب بڑھتے رہیں گے۔

پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی کم کریں، ایسے اقدامات سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہوں اور خلوص نیت سے پیش کی جانے والی ثالثی سمیت مکالمے کے ذریعے حل کی جانب بڑھیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے، کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے سلامتی کونسل میں پاکستان کے تعمیری کردار کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وینزویلا میں امن و استحکام اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود، مکمل قومی ملکیت کے ساتھ، تمام کوششوں کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2026
کارٹون : 7 جنوری 2026