چکوال کے قریب مسافر بس کھائی میں جاگری، پانچ افراد جاں بحق

شائع January 7, 2026
جاں بحق ہونے والوں میں 56 سالہ عبد الستار جو بس کے ڈرائیور تھے، 40 سالہ ضیا احمد ساکن کوٹلی ستیاں، 33 سالہ محمد اسحاق ساکن لودھراں اور 45 سالہ رمضان ساکن ملتان شامل ہیں، جبکہ پانچویں شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ فوٹو: نبیل انور ڈھکو
جاں بحق ہونے والوں میں 56 سالہ عبد الستار جو بس کے ڈرائیور تھے، 40 سالہ ضیا احمد ساکن کوٹلی ستیاں، 33 سالہ محمد اسحاق ساکن لودھراں اور 45 سالہ رمضان ساکن ملتان شامل ہیں، جبکہ پانچویں شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ فوٹو: نبیل انور ڈھکو

چکوال: تلہ گنگ کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بس راولپنڈی سے بہاولپور جا رہی تھی، دھند کے باعث موٹروے بند ہونے پر ڈرائیور نے متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے تلہ گنگ فتح جنگ روڈ کا انتخاب کیا۔

حادثہ بدھ کی علی الصبح تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان قاضی محمد اکرم کے مطابق جب بس سوان دریا کے کنارے واقع گاؤں ڈھوکے پٹھان کے قریب پہنچی تو تنگ اور بل کھاتی سڑک پر ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا جس کے نتیجے میں بس تقریباً 100 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

حادثے میں بس ڈرائیور سمیت پانچ مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے 15 اہلکار اور پانچ ایمبولینسز موقع پر پہنچیں اور دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے امدادی آپریشن کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 56 سالہ عبد الستار جو بس کے ڈرائیور تھے، 40 سالہ ضیا احمد ساکن کوٹلی ستیاں، 33 سالہ محمد اسحاق ساکن لودھراں اور 45 سالہ رمضان ساکن ملتان شامل ہیں، جبکہ پانچویں شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر ڈاکٹر محمد عتیق کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تلہ گنگ منتقل کی گئیں جبکہ تمام زخمیوں کو سٹی اسپتال تلہ گنگ پہنچایا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سلیمان منشا اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ملک اعظی نے سٹی اسپتال کا دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت کی۔

چند روز قبل ہی 31 دسمبر 2025 کو جھنگ فیصل آباد روڈ پر بس اور وین کے درمیان تصادم میں 14 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے تھے، بعد ازاں اموات کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی۔

ادھر صوبے میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات کے خدشے پر متعدد اہم موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔ پنجاب ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ایک ہزار 81 ٹریفک حادثات پر ریسپانس دیا گیا، جن میں 24 افراد جاں بحق اور 12 سو 51 زخمی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2026
کارٹون : 7 جنوری 2026