عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرادی گئی

شائع January 7, 2026
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرادی گئی۔

اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور بشری بی بی کے درمیان ملاقات 45 منٹ  تک جاری رہی، ملاقات گزشتہ روز کانفرنس روم میں کرائی گئی، دونوں نے ایک دوسرے سے حال دریافت کیا اور مقدمات پر گفتگو ہوئی۔

جیل ذرائع  کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ملاقات کرائی گئی تھی، بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات جیل قوانین کے مطابق کرائی جاتی ہے تاہم بیرون جیل سے کسی عزیز ، رشتہ دار یا رہنما کو ان دونوں سے ملنے نہیں دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے وکیل کی جانب سے کچھ ضروری سامان گزشتہ روز جیل انتظامیہ نے وصول کیا تھا، ضروری سامان میں کمبل، گرم کپڑے، میوہ جات، کھجوریں اور دیگر سامان تھا۔

واضح رہے کہ 20 دسمبر کو خصوصی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

یہ کیس مئی 2021 میں سرکاری دورے کے دوران سعودی ولی عہد کی جانب سے عمران خان کو تحفے میں دیے گئے قیمتی بلغاری جیولری سیٹ کی انتہائی کم قیمت پر خریداری سے متعلق ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے تقریباً 8 کروڑ روپے مالیت کا جیولری سیٹ محض 2 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کر کے اپنے پاس رکھا۔

عمران خان اگست 2023 سے قید میں ہیں اور 190 ملین پاؤنڈ کے بدعنوانی کیس میں 14 سال قید کی سزا اڈیالہ جیل میں کاٹ رہے ہیں، جبکہ 9 مئی 2023 کے احتجاج سے متعلق انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔ بشریٰ بی بی بھی 190 ملین پاؤنڈ کے بدعنوانی کیس میں سات سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2026
کارٹون : 7 جنوری 2026