خیبر پختونخوا میں دو کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

شائع January 10, 2026
بیان کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فائل فوٹو: رائٹرز
بیان کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فائل فوٹو: رائٹرز

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق یہ کارروائیاں 8 جنوری کو کی گئیں اور ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔

فتنہ الخوارج وہ اصطلاح ہے جو ریاست کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ دہشت گردوں کے لیے استعمال کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان ضلع میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فوجی دستوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔

اس کے علاوہ کرم ضلع میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پولیس ملک دشمن عناصر کے خلاف برسرپیکار ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے، سرکاری ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2026
کارٹون : 8 جنوری 2026