خیبرپختونخوا: ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دھماکا، 6 اہلکار شہید

شائع 12 جنوری 2026 04:00pm
پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہدا میں ایک ایڈیشنل اسٹیشن ہاؤس آفیسر بھی شامل ہے۔ فوٹو: کے پی پولیس
پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہدا میں ایک ایڈیشنل اسٹیشن ہاؤس آفیسر بھی شامل ہے۔ فوٹو: کے پی پولیس

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں بم دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

ٹانک پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس کی بکتر بند گاڑی گومل پولیس اسٹیشن سے ٹانک کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں اسے نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہدا میں ایک ایڈیشنل اسٹیشن ہاؤس آفیسر بھی شامل ہے۔

ریسکیو 1122 نے شہدا کی لاشیں ٹانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

کے پی گورنر کی رپورٹ طلب

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے پر پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی، گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے گہرے رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے جامِ شہادت نوش کیا اور انہوں نے شہدا پر فخر کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کی کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

گورنر نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے تحریک انصاف کی زیر قیادت صوبائی حکومت سے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔

قوم کے پُرامن کل کے لیے آج کی قربانی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور ملک کی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس کے پانچ اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہا۔

وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے قوم کے پُرامن کل کے لیے آج کی قربانی دی، اور شہدا کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2026
کارٹون : 11 جنوری 2026