جرمن چانسلر اینجلا مرکل اور امریکی صدر بارک اوباما۔ فائل فوٹو اے ایف پی

برلن: جرمنی نے کہا ہے کہ وہ امریکی نیشنل سیکورٹی ایجنسی (این ایس اے) کی طرف سے جرمن چانسلر انجیلا مارکل کے فون کال کی نگرانی کے حوالے سے ملنے والی رپورٹس کی تفتیش کے لیے اعلٰی انٹیلی جنس حکام کو واشنگٹن روانہ کر رہا ہے۔

جرمنی کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اس دورہ میں جرمنی کے خارجہ اور داخلہ کے انٹیلی جنس سربراہ اور وفاقی انٹیلی جنس سروس کے رابطہ کار شامل ہوں گے۔

حکومت کے نائب ترجمان نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ حکام وائٹ ہاوس اور این ایس اے کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتے ہوئے مبینہ طور پر امریکی جاسوسی کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ جرمن نمائندے عنقریب امریکی دارالحکومت میں ہوں گے۔

ترجمان نے کہا کہ انٹیلی جنس حکام کی اپنے متعلقہ ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کا زیادہ قومی امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی اور برازیل بھی الیکٹرانک مواصلات نظام میں رازداری کے تحفظ کے پیش نظر اقوام متحدہ میں قرار داد لانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

'یہ بہت عام ہے لیکن ہمارا یہ خیال ہے کہ یہ بہت اہم موضوع ہے، اسی لیے ہم اس کا مسودہ تیار کر رہے ہیں'۔

ترجمان نے بتایا کہ ابھی یہ ابتدائی مرحلے میں ہے لہٰذا ابھی ہم یہ نہیں جانتے کہ اسے کب پیش کیا جائے گا یا دیگر ممالک بھی اس کے حصہ ہوں گے یا نہیں۔

دوسری جانب برازیل کے سرکاری حکام نے کہا کہ برازیل اور جرمنی کے سفارت کاروں نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی قرارداد پر بات چیت کرنے کے لیے ملاقات کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں