حکیم اللہ محسود کو غلط وقت پر ہلاک کیا گیا: کرزئی
کابل: افغان صدر حامد کرزئی نے حالیہ امریکی ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر تنقید کرتے کہا ہے کہ یہ حملہ "غلط" وقت پر کیا گیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس واقعہ سے مصالحتی عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
افغان صدراتی محل سے اتوار کو جاری ہوئے ایک بیان میں کہا گیا کہ افغان صدر حامد کرزئی نے دورے پر آئے امریکی کانگریس کے وفد کو بتایا کہ یہ ڈرون حملہ غلط وقت پر کیا گیا، لیکن امید ہے کہ اس حملے سے امن عمل متاثر نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود ہلاک ہوگئے تھے.
حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد پاکستان کے دفترِ خارجہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان اور امریکا دونوں ملکوں کے تعلقات پر منفی اثر پڑتا ہے۔
جمعے کے روز ہونے والے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ اس حملے کا مقصد ملک میں امن بحالی کی کوششوں کو سبوثاژ کرنا ہے۔