بیبو کو ممبئی سے خوف آنے لگا

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2013
بولی وڈ اداکار کرینہ کپور خان۔- اے ایف پی فوٹو
بولی وڈ اداکار کرینہ کپور خان۔- اے ایف پی فوٹو

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے نام نہاد علمبردار ملک ہندوستان میں خواتین کے ساتھ غیر انسانی رویے کی خبریں یوں تو کچھ نئی نہیں لیکن اب تو گھر کے بھیدیوں نے بھی اس بات کا اعتراف کرنا شروع کر دیا ہے۔

مشہور بولی وڈ اداکار کرینہ کپور نے بھی یہ بات تسلیم کرلی ہے کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی وجہ سے اب انہیں ممبئی شہر سے ہی خوف آنے لگا ہے۔

ممبئی میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرینہ کپور نے اس بات کا اعتراف کیا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات پورے ملک میں تواتر کے ساتھ ہو رہے ہیں اور ممبئی شہر بھی اب محفوظ نہیں رہا.

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ایک خاتون صحافی کے ساتھ زیادتی اور اس کے بعد ان کی اپنی رہائش گاہ کے قریب ہی ایک غیر ملکی خاتون کو بربریت کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے نے انہیں بھی خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ زیادتی سے متعلق قوانین کو مزید سخت کیا گیا ہے جو باعث تقویت ہے، جس سے شہری علاقوں کی خواتین کو تو فائدہ ضرور پہنچے گا۔

لیکن دیہی علاقوں میں حکومت کو خواتین پر ہونے والے ظلم و تشدد کا فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ خواتین میں بھی اپنے حقوق کے متعلق بیداری پیدا کرنا ہوگی۔

بشکریہ ہندوستان ٹائمز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں