سینیٹ میں چوہدری اسلم اور اعتزاز حسین کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: سینیٹ کے آج بروز جعمہ کو ہونے والے اجلاس میں گزشتہ روز کراچی دھماکے میں ہلاک ہونے والے ایس ایس پی سی آئی ڈی پولیس اور ہنگو کے ایک طالبعلم اعتزاز حسین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اجلاس کی صدارت سینیٹ کے چیئرمین نیئر بخاری نے کی جس میں کراچی کی صورتحال پر ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی نے واک آؤٹ کیا۔
اجلاس میں اے این پی کے شاہی سید نے سوات اور بونیر کی طرز پر کراچی میں فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا اور کراچی کی صورتحال پر ایوان سے واک آوٹ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل کراچی میں ایک بہادر پولیس افسر چوہدری اسلم کو قتل کردیا گیا، ایسے واقعات سے پولیس کا مورال ختم ہورہا ہے۔
شاہی سید نے کہا کہ کراچی تباہی کے دہانے پر ہے آخر طالبان اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروئی کیوں نہیں کی جارہی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی پانچ سال پورے کرنے کا کھیل ختم کرے۔
اس موقع پر کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ایم کیو ایم نے بھی ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔
ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے سینیٹر طاہر مشہدی نے سوال کیا کہ کراچی میں 'موت کا کھیل' کب تک چلے گا۔؟
انہوں نے کہا کہ کراچی شہر پاکستانیوں کے رہنے کے قابل نہیں رہا۔
اجلاس کے دوران سینٹ میں فوجداری قوانین ترمیمی آرڈینس 2013 پیش کیا گیا، جسے متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔
اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا ہاؤسز کو واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق اپنا مؤقف پیش کرے، واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث میڈیا کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہورہی ہے۔
سینیٹ کا اجلاس تیرہ جنوری تک ملتوی کردیا گیا۔