کراچی: پولیس و رینجرز کی کارروائی، لشکرِ جھنگوی کا کارکن ہلاک
کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم لشکرِ جھنگوی سے تعلق رکھنے والے ایک اہم مشتبہ شخص کو ہلاک، جبکہ دیگر تین کو حراست میں لے لیا۔
ہلاک ہونے والے مشتبہ شخص کا نام نوشاد بتایا گیا ہے۔
رینجرز حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں نوشاد نامی ایک مشتبہ شخص ہلاک ہوگیا، جس کا تعلق کالعدم لشکرِ جھنگوی سے بتایا گیا۔
ہلاک اور گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد قتل اور دیگر جرائم میں مطلوب تھے۔
اسی دوران رینجرز نے لیاری سے تین افراد کو حراست میں لیا جن کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت اختر بلوچ، وسیم عرف چھوٹو، اور اختر کالا کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ٹارگیٹڈ آپریشن:
اس کے علاوہ جمعہ اور ہفتے کی رات گئے شہر کے علاقے گلشنِ حدید میں کارروائی کی گئی جس میں دو مشتبہ افراد گرفتار ہوئے۔
دہلی کالونی، جہاں پر گزشتہ روز ایک دھماکا ہوا تھا، یہاں پر بھی رات گئے رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 40 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
خیال رہے کہ دہلی کالونی میں مسجد کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
اس واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف فیرئیر تھانے میں درج کیا گیا ہے۔