لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے آزادی مارچ اور دھرنوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیے ہیں ۔

اہور ہائی کورٹ میں اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی جانب سے آزادی مارچ اور اسلام آباد دھرنوں کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری نے عدالتی احکامات کے باوجود آزادی اور لانگ مارچ کیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ دونوں رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔


مزید پڑھیں: دھرنوں کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور


سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پر امن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگرچہ آئین ہر کسی کو پُرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے مگر عدالتی حکم بھی کوئی معنی رکھتا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے عام آدمی متاثر ہورہا ہے۔

سماعت کے دوران لاہورہائی کورٹ کے فل بینچ نے عمران خان اور طاہر القادری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت پندرہ اکتوبر تک معطل کردی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں