کراچی میں ڈرون کیمروں پر پابندی کا منصوبہ
کراچی:اگرچہ نجی نیوز چینلز کو ملک بھر میں کوریج کے لیے فی الوقت ڈرون کیمروں کی تکنیکی سپورٹ حاصل ہے لیکن کراچی میں شاید انہیں یہ ڈرونز استعمال کرنے کی مزید آزادی حاصل نہ رہے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی ایجنسیاں شہر میں ڈرونز پر 'مکمل پابندی' چاہتی ہیں اور اس حوالے سے ایک تجویز پر کام بھی جاری ہے۔
سیکورٹی انتظامیہ اس منصوبہ پر حمایت حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکام سے رابطہ کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اہم ترین قانون نافذ کرنے والے ادارے اور کراچی پولیس ہیلی کیمز کہلانے والے ان ڈرونز کے استعمال کے حوالے سے سنگین خدشات ظاہر کر چکے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ حالیہ چند مہینوں میں کم از کم تین مرتبہ شہر کی سیکورٹی انتظامیہ کو مجبور کیا گیا کہ وہ مختلف موقعوں پر ان ہیلی کیمز کا استعمال نہ ہونے دیں۔
سندھ پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے ڈان سے گفتگو میں کہا کہ ' ہم کراچی میں ڈرون کیمروں کے آزادانہ استعمال کے متحمل نہیں ہو سکتے'۔
' ہماری بنیادی تشویش ان ہیلی کیمز کے دہشت گردی یا جرائم میں استعمال ہونے سے متعلق ہے۔ اس طرح کی مشین کو دھماکا خیز مواد کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے'۔
تھیبو نے بتایا کہ اس کے علاوہ بھی سیکورٹی انتظامات سے جڑے کئی مسائل ہیں اور 'اسی وجہ سے ہم ان کے کراچی میں استعمال پر مکمل پابندی چاہتے ہیں'۔
خیال رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے دفعہ 144 کے ذریعہ شہر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز-2014 کے دوران ٹی وی چینلز کے ایکسپو سینٹر اور اطراف میں ہیلی کیمز کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی۔
یہ پہلی بار نہیں جب سندھ حکومت نے ایسی پابندی لگائی۔ اس سے پہلے 18 اکتوبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی اور پھر نومبر میں محرم الحرام کے جلوسوں کے موقع پر بھی سیکورٹی انتظامیہ نے شہر میں ایسے ہی اقدامات اٹھائے تھے۔
اس کے برعکس دوسرے شہروں میں ٹی وی چینلز بلا روک ٹوک ہیلی کیمز کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کراچی کے ریڈ زون علاقے کے سیکورٹی انچارج ڈی آئی جی-جنوبی بیرسٹر عبدالخالق شیخ نے بتایا کہ 'ان ہیلی کیمز کو بم دھماکوں کے علاوہ نگرانی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
' اس کے علاوہ ، آپ کو یہ معلوم تک نہیں ہوتا کہ آپ کے سر پر منڈلانے والا ہیلی کیم کس نیوز چینل، نجی تنظیم یا پھر شخص کا ہے'۔
'ایسے میں ہم ان کیمروں پر مکمل پابندی کے حامی ہیں اور جلد ہی اس حوالے سے پیمرا اور دوسرے متعلقہ اداروں کو ایک تجویز بھیجی جائے گی'۔
ڈی آئی جی –جنوبی اور دیگر ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ کراچی پولیس شہر میں ہیلی کیمز پر مکمل پابندی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکام کو ایک ڈرافٹ بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔
یہ خبر نیوز چینلز کے لیے اچھی نہیں۔ نجی چینل سماء ٹی وی کے مشیر خرم باری نے کہا کہ پابندی مسئلہ کا حل نہیں۔
'ہم سیکورٹی کے حوالے سے حکام کو لاحق خدشات سے متفق ہیں لیکن انہیں چاہیے کہ وہ رہنما اصول تیار کریں جن پر مجھے یقین ہے کہ ٹی وی چینل ضرور عملدرآمد کریں گے'۔
باری کے مطابق، دنیا بھر میں ڈرونز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ 'یہ ٹیکنالوجی صرف براڈکاسٹ میڈیا تک محدود نہیں۔ اسے زراعت، پولیسنگ اور ٹریفک مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں استعمال کیا جا رہا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ ' ہم ٹی وی چینلز کی معاونت سے قواعد و ضوابط بنانے کو یقینی طور پر خوش آئند قرار دیں گے'۔












لائیو ٹی وی