ہندوستان: واجپائی کو اعلی ترین شہری اعزاز دینے کا اعلان

25 دسمبر 2014
اٹل بہاری واجپائی کی موجودہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ یادگار تصویر۔ فائل فوٹو اے ایف پی
اٹل بہاری واجپائی کی موجودہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ یادگار تصویر۔ فائل فوٹو اے ایف پی

نئی دہلی: ہندوستان نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے سب سے بڑا شہری اعزاز دینے کا اعلان کیا ہے۔

کرشماتی شخصیت کے مالک سابق ہندوستانی رہنما اپنی مفاہمت کی سوچ کے لیے مشہور ہیں جہاں 5 دہائیوں تک سیاست سے جڑے رہنے والے رہنما کو حریف جماعت کانگریس سمیت تمام سیاسی حلقوں میں یکساں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 90 سالہ تقریباً 50 سال تک سیاست کا حصہ رہے جہاں انہوں نے حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی(بی جی پی) کی سربراہی کرتے ہوئے دو مرتبہ وزیر اعظم بننے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

واجپائی پہلی مرتبہ 1996 میں ہندوستانی وزیر اعظم منتخب ہوئے جبکہ دوسری مرتبہ 1998 سے 2004 تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائض رہے۔

موجودہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے واجپائی کو ’بھارت رتنا‘ اعزاز دیے جانے کے اعلان پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

مودی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ رہبر، مشعل راہ اور بڑوں میں سب سے بڑے تھے، ہندوستان کے لیے ان کی خدمات بہت انمول ہیں۔

ہندوستان نے واجپائی کے ساتھ ساتھ تعلیم کے لیے خدمات انجام دینے والے آنجہانی مدن موہن مالویا کو بھی بھارت رتنا کے اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے ملک میں آزادی میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ مشہور بنارس ہندو یونیورسٹی بھی قائم کی۔

اب تک نہدوستان میں صرف 43 لوگوں کو اس اعزاز سے نوازا گیا ہے جس میں سائنسدان سی وی رمن اور مشہور زمانہ کرکٹر سچن ٹنڈولکر بھی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں