ہندوستان:نچلی ذات کے خاندان کا گھر نذر آتش
نئی دہلی: ہندوستانی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں اونچی ذات کے ہندوؤں نے نچلی ذات کے 4 افراد کو آگ لگادی جس کے نتیجے میں 2 بچے جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق فرید آباد کے سنپد گاؤں میں دلت ذات کے ہندو خاندان کے 4 افراد کو اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے افراد نے رات گئے گھر میں گھس کر آگ لگائی۔
آگ کے نتیجے میں 10 ماہ اور 2 سال کا بچہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے والدین کو زخمی حالت میں نئی دہلی کے سفدرجنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈٰی سی پی) بھوپندر سنگھ کا کہنا تھا کہ آگ صرف گھر کے ایک کمرے میں پلنگ پر سوئے ہوئے 4 افراد کو لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس واقعے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم واقعے سے قبل کسی نے علاقے میں کوئی مشکوک شخص نہیں دیکھا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دلت خاندان کے افراد کو مبینہ طور پر راجپوت ذات کے لوگوں نے آگ لگائی کیونکہ دونوں خاندانوں کے درمیان زمین کا تنازع تھا۔
واضح رہے فرید آباد کے سنپد گاؤں میں اس سے قبل بھی اونچی اور نیچی ذات کے ہندوؤں کے درمیان تصادم کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔
گزشتہ سال بھی دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔
ادھر ہندوستانی پنجاب میں مذہبی کتاب کی بے حرمتی پر سکھوں کی جانب سے مسلسل ساتویں روز بھی مظاہرے جاری ہیں۔
یہ پڑھیں : ہندوستانی پنجاب میں سکھوں کا احتجاج، 2 افراد ہلاک
مظاہروں کا سلسلہ بڑھنے پر ہندوستانی پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی پنجاب کے تین شہروں امرتسر، لدھیانہ اور جالندھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔
سکھوں کے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مظاہروں کے دوران پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے 2 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (3) بند ہیں