'تمام چوروں کو وعدہ معاف گواہ بنادیا گیا'
کراچی: ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کرپشن کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی عبوری ضمانت میں توسیع پر فیصلہ 19 نومبر تک محفوظ کرلیا گیا.
کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف 9 مقدمات کی سماعت ہوئی.
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف گیلانی نے انکشاف کیا کہ ان کے خلاف مزید مقدمات بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور تمام چوروں کو اُن کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنادیا گیا ہے.
یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس طرح کارروائی ہو گی تو کوئی وزیراعظم محفوظ نہیں رہے گا.
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر تجارت مخدوم امین فہیم پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) میں 50 لاکھ روپے کی خرد برد کے الزامات کے تحت فیڈرل انوسٹی گیشن ایجسنی (ایف آئی اے) کی جانب سے 21 مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 12 مقدمات میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے.
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کے خلاف 21 کیسز درج ہیں، جن میں سے 12 میں ان کی ضمانت منظور ہوچکی ہے جبکہ شریک ملزم سابق ڈپٹی سیکرٹری وزیراعظم ہاؤس محمد زبیر کی ضمانت بھی ہائیکورٹ کی جانب سے منظور کی جاچکی ہے.
فاروق ایچ نائیک کے مطابق بقیہ 9 کیسوں میں بھی یہی الزام لگایا گیا ہے کہ محمد زبیر نے یوسف رضا گیلانی کو دینے کے لیے 50 لاکھ روپے لیے.
ان کا کہنا تھا کہ اگر 21 کیسز کو 50 لاکھ پر تقسیم کریں تو فی کس کتنے پیسے ہوجائیں گے جبکہ بینک ڈپازٹ سلپ پر بھی یوسف رضا گیلانی کے دستخط موجود نہیں ہیں.
فاروق ایچ نائیک نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اداروں کو محفوظ کریں، انھیں استعمال نہ کریں کیونکہ یہی چیز بعد میں آپ کے آگے بھی آئے گی. ان کا مزید کہنا تھا، "اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں".
دوسری جانب عدالت نے مخدوم امین فہیم کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے.
اس سے قبل بھی امین فہیم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما امین فہیم برطانیہ میں زیر علاج ہیں.












لائیو ٹی وی
تبصرے (3) بند ہیں