سب سے ایماندار سرکاری افسر کا ٹی وی پر مقابلہ

شائع January 10, 2016
کھٹمنڈو میں نیپال کے ایک وزیر چترا بہادر (بائیں) شو جیتنے والے پردیپ راج (دائیں) کو ایوارڈ دے رہے ہیں۔ — اے ایف پی
کھٹمنڈو میں نیپال کے ایک وزیر چترا بہادر (بائیں) شو جیتنے والے پردیپ راج (دائیں) کو ایوارڈ دے رہے ہیں۔ — اے ایف پی

کھٹمنڈو: نیپال میں ایک بیوروکریٹ نے ٹی وی پر سب سے ایمان دار سرکاری افسر چننے کا مقابلہ Integrity Idol جیت لیا۔

سرکاری محکموں میں کرپشن کے شکار نیپال میں ایمان داری کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹی وی پر مقابلے کے دوسرے سیزن کا فاتح چننے کیلئے لوگوں نے ٹیکسٹ میسج اور سوشل میڈیا کے ذریعے پچاس ہزار سے زائد ووٹ کاسٹ کیے۔

نیپال کے ضلع گلمی کے چیف ڈسٹرکٹ افسر پردیپ راج کنڈل نے اپنے علاقے میں مثبت تبدیلی لانے پر یہ شو اپنے نام کر لیا۔ یہ اعزاز جیتنے پر کسی قسم کا انعام نہیں دیا جاتا۔

کنڈل نے اعزاز جیتنے کے بعد کہا کہ وہ آج خود پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔’ مجھے لگ رہا ہے کہ میں نیپال میں کئی محنت کرنے والے سرکاری افسروں کا نمائندہ ہوں‘۔

گلمی میں خواندگی بہتر بنانے، صفائی ستھرائی اور سرکاری دفتروں میں کارکردگی بڑھانے کیلئے کئی کامیاب مہمیں چلانے والے کنڈل نے مزید کہا ’اس طرح کے شو ہمیں مزید ذمہ داری اور خود احتسابی کیلئے حوصلہ دیتے ہیں‘۔

شو میں کنڈل سمیت چار فائنسلٹ کا انتخاب ایک غیر منافع بخش گروپ ’اکاؤنٹبیلیٹی لیب نیپال‘ نے گزشتہ سال اپریل میں ملک گیر مہم میں کیا تھا۔

گزشتہ سال یہ اعزاز ضلع پنچتھار کے ایک تعلیمی افسر کے حصے میں آیا تھا۔

ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کے عالمی کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 175 ملکوں میں نیپال کا نمبر 126واں ہے۔

لائبیریا نے بھی اس سال یہ مقابلہ منعقد کیا، جس میں ایک سرکاری نرس نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025