صادق خان لندن کے میئر منتخب

اپ ڈیٹ 07 مئ 2016
صادق خان اپنی بیوی سعدیہ کے ہمراہ ووٹ ڈالنے آئے ہیں—اے پی۔
صادق خان اپنی بیوی سعدیہ کے ہمراہ ووٹ ڈالنے آئے ہیں—اے پی۔

لندن: برطانیہ کی حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کے امیدوار صادق خان لندن کے پہلے مسلم میئر منتخب ہوگئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فتح کے بعد صادق خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ایک دن لندن کے میئر منتخب ہوجائیں گے.

انہوں نے اس موقع پر اپنی انتخابی مہم کے دوران مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ لندن نے 'خوف پر امید کو ترجیح دی۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں خوف کی سیاست کے حامی نہیں ہیں۔

لیبر پارٹی کے اہم رہنما جیریمی کوربن نے کنرویکیٹو پارٹی کے امیدوار زیک گولڈ اسمتھ کے خلاف اس فتح پر صادق خان کو ٹوئٹر پر مبارک باد دی اور کہا کہ وہ صادق کے ساتھ لندن کو سب کے ساتھ انصاف کرنے والا شہر بنانے کے لیے بے تاب ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بس ڈرائیور کے 45 سالہ بیٹے صادق نے زیک کو 994614 کے مقابلے می 1310143 ووٹوں سے شکست دی۔

محمد صادق کے انتخاب کے بعد وہ یورپی یونین کے کسی دارالحکومت کے پہلے مسلم میئر بن گئے جبکہ انتخابی مہم کے دوران صادق خان کو زیک سمیت مخالفین کی جانب سے انتہا پسندوں سے تعلقات کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا تناسب 45 فیصد رہا جو 2012 کی پولنگ کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ تھا۔

مزید پڑھیں: صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر بن پائیں گے؟

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انتخابات سے ایک روز قبل ہونے والے سروے میں پاکستانی نژاد بس ڈرائیور کے بیٹے صادق خان نے وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کی کنزرویٹو پارٹی سے کے نامزد امیدوار کروڑپتی حریف زیک گولڈ اسمتھ سے 12 -14 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق کرکٹر عمران خان کی سابقہ بیوی جمائمہ گولڈ اسمتھ نے بھی صادق خان کو مبارک باد دی۔

یہ بھی پڑھیں: صادق خان لندن میئرشپ کیلئے لیبر پارٹی کے امیدوار منتخب

45 سالہ صادق خان نے حکومت کی جانب سے بنائے گئے سرکاری گھر میں پرورش پائی جبکہ وزیر بننے سے قبل انہوں نے انسانی حقوق کے وکیل کے طور پر فرائض سرانجام دیں۔

جبکہ صادق خان کے حریف زیک گولڈ اسمتھ، انتہائی امیر جیمس گولڈ اسمتھ کے بیٹے ہیں، اور ساتھ ہی ماہرِ ماحولیات اور کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ آٹھ سال سے لندن میں کنزرویکیٹو پارٹی کا امیدوار ہی میئر منتخب ہورہا تھا، اس اعتبار سے صادق خان کی اس فتح کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Muhammad kashif munir Bhakti May 07, 2016 01:45pm
Congratulation mayor
usmanhaider May 07, 2016 10:07pm
congratulations