گاڑی کی انشورنس کے متعلق اہم نکات

گاڑی کی انشورنس کروانا آپ کو بہت سے اخراجات سے بچا سکتا ہے، لیکن اس سے پہلے چند باتیں جاننی ضروری ہیں۔ — کری ایٹو کامنز
گاڑی کی انشورنس کروانا آپ کو بہت سے اخراجات سے بچا سکتا ہے، لیکن اس سے پہلے چند باتیں جاننی ضروری ہیں۔ — کری ایٹو کامنز

موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت تمام گاڑیوں کی انشورنس کروانا لازمی ہے، لیکن پاکستان جنرل انشورنس سیکٹر کی شایع کردہ 2013 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں صرف 23 فیصد گاڑیاں انشورنس شدہ ہیں، جبکہ ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اب بڑی تعداد میں لوگ اپنی گاڑیوں کی انشورنس کروا رہے ہیں۔

آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ گاڑی کی انشورنس کے بارے میں کن باتوں کو جاننا ضروری ہے۔

انشورنس پالیسی کا انتخاب

انشورنس پالیسی کے لیے مندرجہ ذیل تین نکات پر غور کرنا ضروری ہے

  • کوریج کا دورانیہ (عام طور پر ایک سال)

  • کوریج کی وسعت؛ عام طور پر استعمال ہونے والی انشورنس کی دو اقسام ہیں، پہلی کمپریہینسیو یا جامع انشورنس (جو آپ کی گاڑی کو نقصان کے ساتھ ساتھ چوری اور مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ سے محفوظ بناتی ہے) اور دوسری تھرڈ پارٹی انشورنس ہے (جو حادثے کی صورت میں دوسری گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کا احاطہ کرتی ہے)۔

  • انشورنس پریمیئم (سالانہ فیس) کی رقم عام طور پر گاڑی کی قیمت کا تین سے 4.5 فیصد ہوتا ہے۔ پریمیئم 'قابلِ منہا' رقم، یعنی وہ رقم جو حادثے کی صورت میں آپ کو ادا کرنی پڑے گی، کے مطابق مختلف بھی ہوسکتا ہے۔ مثلاً اگر آپ کی قابلِ منہا رقم 10 ہزار روپے ہے اور مجموعی طور پر 30 ہزار کا نقصان پہنچا ہے تو اس صورت میں آپ کو 10 ہزار روپے خود ادا کرنے ہوں گے، جبکہ بقایا رقم انشورنس کمپنی ادا کرے گی۔ جتنی زیادہ رقم آپ ادا کریں گے، پریمیئم اتنا ہی کم ہوگا۔

کلیم درج کروانا

  • اگر آپ کے ساتھ حادثہ پیش آیا ہے یا آپ کی گاڑی چوری ہوچکی ہے تو پولیس کو فون کیجیے، ایف آئی آر درج کروائیں اور اپنا کلیم درج کروانے کے لیے اپنی انشورنس کمپنی سے رجوع کریں۔

  • اگر آپ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے تو کمپنی گاڑی کا جائزہ لینے کے لیے سرویئر مقرر کرے گی، جو بعد میں انشورنس کمپنی کو مرمتی اخراجات کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا۔ کچھ مواقع پر گاڑی کے مالک کو اس رقم کا کچھ فیصد حصہ ادا کرنا پڑتا ہے۔

  • چوری کی صورت میں کمپنی ایک سرویئر کو مقرر کرتی ہے جو کلیم کی قانونی حیثیت کا فیصلہ کرتا ہے (سرویئر پولیس سے بھی تعاون حاصل کرے گا)۔ جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد کمپنی کلیم کا مرحلہ شروع کرتی ہے اور رقم ادا کر دیتی ہے۔

سید وجیہہ الحسن نقوی
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025