فیس بک اسٹیٹس اپ ڈیٹس اب بدلنے کے قریب
فیس بک نے ایک نئے فیچر کو متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے لوگ اپنے اسٹیٹس اَپ ڈیٹس کو اپنی پروفائلز سے 'ہائیڈ' کرسکتے ہیں۔
اس طرح ان کا وہ میسج لوگوں کی نیوزفیڈ پر تو نظر آئے گا مگر خود ان کی پروفائل میں اسے تلاش نہیں کیا جاسکے گا۔
فیس بک کے اس فیچر کے تحت لوگ اپنی پوسٹ فیس بک فیڈ پر کرسکیں گے یا آسان الفاظ میں ان کے دوستوں کے سامنے تو ان کی پوسٹ ہوگی اور سرچ کرنے پر بھی تلاش ہوسکے گی لیکن ان کی پروفائل پر آکر کوئی بھی شخص اسے نہیں دیکھ سکے گا۔
اس وقت فیس بک اسٹیٹس اپ ڈیٹ یا کوئی بھی پوسٹ صارف کی اپنی اور دوستوں کی نیوزفیڈز پر بیک وقت پوسٹ ہوتی ہے جہاں اسے لائیک یا کمنٹ وغیرہ کیا جاسکتا ہے۔
لوگ اپنی پوسٹس کو ہائیڈ تو کرسکتے ہیں مگر اس نئے فیچر کے ذریعے انہیں اس زحمت سے ابتدا میں ہی نجات مل جائے گی۔
جب کوئی صارف اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پر کچھ پوسٹ کرنا چاہے گا تو اس کے سامنے ایک ٹک باکس اسٹیٹس بار پر نظر آجائے گا جس پر لکھا ہوگا "Hide From Your Timeline"، اس پر کلک کرنے کے بعد وہ میسج آپ کی ٹائم لائن پر نظر نہیں آئے گا۔
فیس بک کے ایک ترجمان کے مطابق آپ کی پروفائل اپنی فیس بک پوسٹس کی جامع تاریخ کو دیکھنے کے لیے ایک اچھا مقام ہے تاہم کچھ افراد کی خواہش ہے کہ وہ جو پوسٹ کریں وہ دوستوں اور رشتے داروں کی نیوزفیڈ پر تو نظر آئے مگر ان کی ٹائم پر ڈسپلے نہ ہو۔
فیس بک کی جانب سے صارفین کو اپنی پروفائل پر مواد نظر آنے کے حوالے سے زیادہ کنٹرول دیا جارہا ہے اور وہ چاہتی ہے کہ پرائیویسی آپشنز کو استعمال کیا جائے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ مواد سائٹ پر شیئر کریں۔
اس سے پہلے فیس بک میں گزشتہ دنوں ایک اور فیچر بھی سامنے آیا تھا جس میں صارفین کو مخصوص دوستوں کو اسٹیٹس اپ ڈیٹس سے الرٹ کرنے کا موقع دیا تھا اور براہ راست ٹیگ کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔