’ایکٹر ان لا‘ کا مائیکل جیکسن سے کیا تعلق؟

02 اگست 2016
فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات تقریب کے دوران موجود ہیں—۔فوٹو/ ڈان
فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات تقریب کے دوران موجود ہیں—۔فوٹو/ ڈان

کراچی: نئی پاکستانی فلم ’ایکٹر اِن لا‘ کی میوزک لانچ کی تقریب کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس کا سیٹ اپ کمرہ عدالت کی طرز پر بنایا گیا تھا، جو کافی متاثر کن تھا۔

تقریب کا آغاز 90 منٹ کی تاخیر سے ہوا اور اس حوالے سے شو کے میزبان احمد علی بٹ کو انتظامیہ سے یہ سوال ضرور پوچھنا چاہیے تھا کہ اگر وہ گلوکار عاطف اسلم کا انتظار کررہے تھے، تو ان کے آنے کے بعد ہی اس کا آغاز کیا جاتا، جو کہ تقریب کے شروع ہونے کے کچھ دیر بعد اسٹیج پر آئے تھے۔

تقریب کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ وہ ہندوستانی اداکار اوم پوری (جو اس فلم میں ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں) سے ملنے گئے تھے جہاں فلم کی پروڈیسر فضہ علی میرزا نے ان سے ملاقات کی اور انہیں ایک گانے 'دل ڈانسر ہوگیا' کے بارے میں بتایا اور کہا کہ فلم کے میوزک ڈائریکٹر شانی اور فلم ساز چاہتے ہیں کہ وہ یہ گانا گائیں۔

عاطف اسلم کے مطابق یہ گانا انہیں کافی مختلف لگا اور اس کی نئی دھن اور الفاظ نے انہیں کافی متاثر کیا، انھوں نے بتایا کہ گانے میں کچھ ایسے فیچرز بھی موجود تھے جو مائیکل جیکسن اپنے گانے میں استعمال کرتے تھے، انہوں نے کہا کہ اس کی ویڈیو کافی اچھی ہے اور فضہ کے ساتھ کام کرنا بہترین تجربہ تھا۔

میوزک ڈائریکٹر شانی کا کہنا تھا کہ یہ گانا کافی خاص ہے کیوں کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے سوچا تھا کہ اسے صرف عاطف گا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ آسان نہیں تھا، کیونکہ عاطف کو گاناپسند آیا تو چیزیں آگے بڑھیں۔

تقریب میں گانے کی ایک مختصر سی ویڈیو دکھائی گئی، جسے شائقین نے پسند کیا اور اس کے بعد اسے ایک بار پھر دکھایا گیا۔

ویڈیو میں اپنے ڈانس کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ ممکن نہیں تھا کہ مائیکل جیکسن کا نام اس گانے میں آئے اور اس میں ان کے جیسے اسٹیپ نہ ہوں، ان کا کہنا تھا کہ لوگ شادیوں پر بھی عموماً مائیکل جیکسن جیسا ڈانس کرتے ہیں۔

اس سے قبل مہوش حیات خان نے گانے کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس گانے کی دھنیں نہایت سافٹ اور اس کے الفاظ کافی بامعنی ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ وہ خود کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں کہ انہیں کئی طرح کی فلمیں کرنے کا موقع ملا۔

اپنی فلم کا اسکرپٹ خود لکھنے کے فوائد کے حوالے سے نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ پہلی فلم ’نامعلوم افراد‘ بناتے ہوئے انہوں نے سوچا تھا کہ وہ کسی اور سے اس کی کہانی لکھوائیں گے، لیکن پھر انہوں نے سوچا کہ اپنی فلم کا اسکرپٹ خود لکھنے سے کئی چیزیں آسان ہوجاتی ہیں کیوں کہ وہ ہر کردار کو بخوبی جانتے ہیں۔

تقریب میں موجود اداکار جاوید شیخ سے جب فلم کے حوالے سے بات کرنے کو کہا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ فضہ اور نبیل کے ساتھ فلم ’نامعلوم افراد‘ میں کام کرنے سے انہیں ان کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوا، اس بار وہ اس فلم کا حصہ نہیں لیکن وہ اپنے دوستوں کو سپورٹ کرنے آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ دنوں ممبئی میں تھے جہاں انہوں نے ’ایکٹر اِن لا‘ کا ٹیزر اپنے دوستوں کو دکھایا، انہوں نے کہا کہ اوم پوری جیسے اداکار کو فلم کرنے پر راضی کرنا آسان کام نہیں لیکن اس فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر نے ایسا کر دکھایا۔

آخر میں تقریب میں موجود شائقین نے عاطف اسلم سے گزارش کی کہ وہ فلم کا گانا ’دل ڈانسر ہوگیا‘ گا کر سنائیں۔

فلم ‘ایکٹر اِن لا‘ رواں سال عید الضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

یہ رپورٹ 2 اگست 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں