سام سنگ کا ایپل کے لیے بڑا 'تحفہ'

03 ستمبر 2016
سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 — اے ایف پی فائل فوٹو
سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 — اے ایف پی فائل فوٹو

سام سنگ نے ایپل کو آئی فون 7 متعارف کرانے سے قبل ایک بہت بڑا تحفہ دیا ہے اور وہ ہے اپنے اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ 7 کی فروخت کو معطل کرنا۔

ویسے تو مختلف لیکس سے لگتا تھا کہ آئی فون سیون کچھ خاص ثابت نہیں ہوگا کیونکہ یہ چند ایک فیچرز کے سوا لگ بھگ گزشتہ سال کے ماڈل کی نقل ثابت ہونے والا ہے۔

اس بار بس پہلے سے بڑا کیمرہ، ری ڈیزائن انٹینا لائنز اور ہیڈ فون جیک نہ ہونا ہی بڑی تبدیلیاں ہیں، باقی سب کچھ گزشتہ سال جیسا ہی ہوگا اور ایپل کی اس ڈیوائس کے مقابلے میں سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 7 کو پیش کیا تھا جو فیچرز کے لحاظ سے اب تک کا سب سے بہترین اسمارٹ فون قرار دیا جارہا ہے۔

ایسا لگتا تھا کہ آئی فون 7 کی فروخت سام سنگ کی اس ڈیوائس سے متاثر ہوگی مگر اب جنوبی کورین کمپنی کو بہت بڑے جھٹکے کا سامنا ہوا ہے۔

درحقیقت کچھ جگہوں پر نوٹ 7 کی بیٹریاں پھٹنے کے واقعات سامنے آئے ہیں جس کے بعد جمعہ کو سام سنگ نے نوٹ سیون کی فروخت روکنے اور مارکیٹ میں موجود تمام سیٹس واپس طلب کرلیے ہیں، جن کی تعداد 25 لاکھ کے قریب ہے۔

سام سنگ کے اس فلیگ شپ فون میں یہ مسئلہ ایپل کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ وہ 7 ستمبر کو آئی فون سیون کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران پیش کررہی ہے۔

اب اس میں چاہے نئے فیچرز نہ ہو مگر کسی پھٹنے والے فون کے مقابلے میں ایک اچھا چلنے والا فون ہمیشہ ہی بہتر ہوتا ہے۔

اب سام سنگ نوٹ 7 کے مسائل کو ٹھیک کرکے پیش ہی کیوں نہ کردے مگر یہ ڈیوائس بیٹریاں پھٹنے کے واقعات کے اثر سے باہر نہیں نکل سکے گی۔

اس طرح یہ آئی فون سیون کے لیے سام سنگ کا بہت بڑا تحفہ ثابت ہونے والا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں