کئی اجزا جیسے کہ گندم، جو، دال اور آپ کی مرضی کے گوشت سے مل کر تیار کی جانے والی حلیم صرف کھانے میں ہی لذیذ نہیں ہوتی، بلکہ طاقت کے لحاظ سے بھی اہم غذا ہے۔

پروٹین سے بھرپور: پروٹین سے بھرپور دالیں شامل ہونے کے باعث حلیم ورزش کے بعد کھانے کے لیے بہترین غذا ہے جبکہ اس سے جسم کے پٹھے اور بافت کی نشونما میں مدد ملتی ہے۔

اگر حلیم میں چاول کو شامل کردیا جائے تو اس میں کاربوہائیڈریٹس کی بڑی مقدار بھی شامل ہوجاتی ہے جس سے جسم کو طاقت ملتی ہے اور آپ خود کو چست اور چاق و چوبند محسوس کرتے ہیں اور یہ خوبی حلیم کو دوپہر کے اوقات میں کھانے کی مکمل غذا بناتی ہے۔

غذائی فائبر کی موجودگی: حلیم تیار کرنے کے لیے ضروری اجزا جو اور گندم میں غذائی فائبر کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جس سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور جسم تندرست رہتا ہے۔

چونکہ غذا میں فائبر شامل کرنے سے زیادہ دیر تک جسم کو چست رکھنے میں مدد ملتی ہے، اس لیے وزن کم کرنے کے خواہشمد افراد کو اسے اپنی غذا میں شامل کرنا چاہیے۔

پوٹاشیم کا کمال: ادرک، لہسن اور ہلدی بھی حلیم کے ضروری اجزا میں شامل ہے جن میں بڑی مقدار میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے، اس لیے بلند فشار خون اور گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کو پوٹاشیم کو اپنی خوراک میں شامل کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

خوراک میں پوٹاشیم کو شامل کرنے سے دل کے امراض سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے، جبکہ اس سے بے چینی اور ذہنی دباؤ سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ اگر حلیم کو چاول (جس میں نشاستہ موجود ہوتا ہے) کے ساتھ نہ کھایا جائے تو ذیابیطس کے مریضوں کو جسم کے شوگر لیول کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

سوڈیم کی موجودگی: روایتی حلیم میں نمک کی حسب ذائقہ مقدار کو بھی ضرور شامل کیا جاتا ہے، جس کا بنیادی جزو سوڈیم ہے۔

اگر جسم میں سوڈیم کی مناسب مقدار موجود ہو تو یہ اعصابی امپلسز کی ترسیل کے ضروری افعال انجام دیتا ہے جو آپکے ردعمل کے وقت کو کنٹرول کرتا ہے، جبکہ اس سے پٹھوں کی کھینچ کی صلاحیت میں بھی بہتری آتی ہے۔

اگرچہ حلیم کے صحت کے حوالے سے بیش بہا فوائد ہیں لیکن دل کے امراض کے شکار افراد کو حلیم میں نمک شامل کرنے سے متعلق احتیاط برتنی چاہیے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad abid bhatti Feb 07, 2017 08:43pm
حلیم اللہ تبارک وتعالٰی کے صفاتی ناموں سے ایک ہے۔کافی طویل عرصہ سے میں بھی غلطی کرتا رہا لفظ دلیم کو حلیم پڑھنے کی۔ غالباً دلیم ھی درست نام ہے (کیونکہ اس کی ترکیب میں کافی دالیں بھی استعمال ہوتی ہیں)، اردو بہت سی زبانوں کا مجموعہ ہے اس لئے مختلف اشیاٗ کے معانی بھی دوسری لغت میں بدل جاتے ہیں۔ جہاں تک احتیاط کی جا سکتی ہے کرنی چاہئے۔ بحیثیت پکوان دلیم کی افادیت پر بہت سیر حاصل مضمون ہے۔شکریہ