خضدار میں بسوں پر فائرنگ، تین افراد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں مسلح افراد کی مسافر بسوں پر فائرنگ سے کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔
لیویز ذرائع نے ڈان ۔ کام کو بتایا کہ اتوار کو موٹر سوار مسلح افراد نے خضدار کی تحصیل وڈھ میں تین مسافر بسوں پر فائرنگ کر دی۔
واقعہ میں زخمی ہونے والے مسافروں کو خضدار کے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔
خیال رہے کہ کاشتکاروں اور ٹرانسپورٹروں نے علاقے میں امن و امان کی خراب صورتحال پر بطور احتجاج ہفتہ کی صبح سے کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی ہائی وے بلاک کر رکھی ہے۔
شاہراہ بلاک ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور ان گاڑیوں میں موجود خواتین اور بچے سب سے زیادہ پریشان ہیں۔
ایک مسافر ریاض بلوچ نے ڈان ۔ کام سے گفتگو میں بتایا کہ ' ہم شدید گرمی میں شاہراہ کھلنے کا انتظار کر رہے ہیں'۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک بھی سرکاری عہدے دار بند شاہراہ کو کھلوانےکے لیے مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کے لیے یہاں نہیں آیا۔












لائیو ٹی وی