ماؤنٹ ایورسٹ پر شادی کرنے والا جوڑا

اپ ڈیٹ 13 مئ 2017
— فوٹو بشکریہ چارلیٹن چرچل
— فوٹو بشکریہ چارلیٹن چرچل

اس نو بیاہتا جوڑے نے ایک دوسرے سے محبت کو ایک نئی 'بلندی' پر پہنچا دیا ہے۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ جیمز سیسوم اور 32 سالہ ایشلے شمیدر نے زندگی بھر کے تعلق میں بندھنے کے لیے انتہائی غیرمتوقع مقام کا انتخاب کیا اور وہ ہے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماﺅنٹ ایورسٹ۔

رواں برس مارچ کے آخر میں ہونے والی یہ شادی ماﺅنٹ ایورسٹ کیمپ پر ہوئی جہاں وہ اس سے قبل تین ہفتے تک ہائیکنگ کرتے رہے تھے۔

ایشلے نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا 'کافی سوچ بچار کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ روایتی انداز سے شادی ہمارے لیے درست انتخاب نہیں، اگرچہ ہم اپنے اس خاص دن کو گھروالوں اور دوستوں کے ساتھ شیئر کرنا پسند کرتے، مگر ہم دونوں نے اس خیال کو اپنایا کہ ان حیران کن تعطیلات کے دوران شادی کے بندھن میں بندھا جائے'۔

اگرچہ یہ شادی کے لیے دنیا کا بلند ترین اور غیرمتوقع مقام سمجھا جاسکتا ہے مگر جوڑے نے امریکی روایتی عروسی ملبوسات پہننے کو ترجیح دی۔

مزید پڑھیں : دنیا بھر میں پہنے جانے والے روایتی عروسی ملبوسات

جیمز نے سوٹ جبکہ ایشلے نے سفید رنگ کا روایتی عروسی لباس زیب تن کیا، ان کی اس تقریب کو ایک ایڈونچر ویڈنگ فوٹوگرافر چارلیٹن چرچل نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔

فوٹوگرافر نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بلاگ پوسٹ میں اس تقریب کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا 'سفر کے آغاز میں بہت زیادہ برفباری ہورہی تھی، ہمارے گائیڈ کے مطابق ہمارے اوپر پورے موسم سرما سے زیادہ برف گرسکتی ہے، 14 ہزار فٹ کی بلندی پر درجہ حرارت منفی 8 سے 10 فارن ہائیٹ تک گرگیا تھا اور ہمارے ہاتھ دستانوں سے نکلتے ہی منجمند ہوجاتے، جیسا کہ تصاویر لینے کی کوشش کے دوران میرے ساتھ ہوا'۔

یہ بھی پڑھیں : چار مرتبہ شادی کرنے والے میاں بیوی

انہوں نے لکھا 'جیمز اور ایشلے کی شادی منفی پانچ سے پانچ ڈگری فارن ہائیٹ کے دوران ہوئی، دلہن کے عروسی لباس کے لیے ہم نے خصوصی طور پر انتظام کیا کہ وہ گرم رہے'۔

تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود شادی کی تقریب کا انعقاد ہوا، فوٹوگرافر کے مطابق 'جب ہم بیس کیمپ پہنچے تو ہمیں بتایا گیا کہ ہمارے پاس ڈیڑھ گھنٹہ ہے جس کے دوران کھانا، شادی، سامان باندھنا اور ہیلی کاپٹر پر سوار ہونا ہے، تو ہم نے ایک گھنٹے کے اندر کھانا، پینا اور شادی کی تقریب نمٹائی، جس کی ہم نے چند تصاویر بھی لیں'۔

تصاویر بشکریہ ویڈنگ فوٹوگرافر چارلیٹن چرچل

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں