ملک میں جاری حالیہ گرمی کی شدید لہر نے تربت میں گرمی کا آٹھ سالہ ریکارڈ توڑ دیا، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی موجودہ لہر مزید دو سے تین روز تک برقرار رہے گی جبکہ گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک میں گذشتہ کچھ روز سے جاری گرمی کی شدید لہر نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے جبکہ ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی موجودہ لہر 3 روز تک جاری رہے گی اور اس دوران صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 44 سے لے کر 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آئندہ دو سے تین روز کے دوران پشاور، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد، حیدرآباد، میرپور خاص، مکران، سبی اور نصیر آباد میں شدید گرمی پڑے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ روز تربت میں ریکارڈ درجہ حرارت 53.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، اس سے قبل تربت میں 30 مئی 2009 کو سب سے زیادہ 52 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید گرمی کی پیش گوئی کے بعد کراچی میں شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کیلئے امدادی کیمپ لگا دیئے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 39 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ لاہور 41 ڈگری، پشاور 44 ڈگری اور کوئٹہ 37 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں