ڈیرن سیمی! آپ کی پگڑی میرے پاس ہی ہے، جاوید آفریدی
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن ٹو کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی پاکستانیوں سے محبت کبھی کم نہیں ہوسکتی۔
وہ اکثر وبیشتر پاکستان یا پاکستانیوں سے متعلق ٹوئیٹس کرتے رہتے ہیں اور اب جب انگلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپینئز ٹرافی کے لیے ایک ٹی وی چینل میں انہوں نے بحیثیت ایکسپرٹ شرکت کی، تو اس موقع پر بھی وہ لاہور میں کھیلے گئے پی ایس فائنل اور پاکستان میں ملنے والی پذیرائی کو یاد کرتے رہے۔
مشرق وسطیٰ اور جنوبی افریقا میں براڈکاسٹ ہونے والے اسپورٹس چینل او ایس این (OSN) کے ایک پروگرام میں ڈیرن سیمی اور پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:ڈیرن سیمی خان آفریدی 'سنگایی'؟
اس موقع پر ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل فائنل اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو یاد کیا اور ساتھ ہی اپنی ٹیم کے مالک جاوید آفریدی کو یاد دلایا کہ وہ اپنی پگڑی پاکستان بھول آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے فوراً بعد میں ہانگ کانگ روانہ ہوگیا اور پگڑی جاوید آفریدی کے پاس ہی رہ گئی، امید ہے کہ اگلی مرتبہ ہم ٹائٹل کا دفاع کریں گے اور مجھے دوبارہ پگڑی پہننے کا موقع مل سکے۔
اس موقع پر وقار یونس نے بات کرتے ہوئے کہا ڈیرن سیمی کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات شاندار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی کا ڈیرن سیمی کیلئے انعام کا اعلان
ڈیرن سیمی کی یاددہانی کی دیر تھی کہ جاوید آفریدی نے بھی فوراً ٹوئٹر کا سہارا لیا اور کہا، 'جی ڈیرن سیمی بھائی، آپ کی سفید پگڑی (شملہ) میرے پاس ہی ہے'، ساتھ ہی انھوں نے اچھے الفاظ میں یاد کرنے پر ڈیرن سیمی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں ڈیرن سیمی نے پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم وہ ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں ناکام رہے تھے۔












لائیو ٹی وی