قومی ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میچ سے قبل ایک نئے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد اور قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

عامر سہیل گزشتہ دنوں اس وقت تنازع میں گھر گئے تھے جب انہوں نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح کے بعد کپتان سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ’سرفراز احمد کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ (پاکستان ٹیم کو فتح دلانے میں) آپ نے کوئی کمال نہیں کیا بلکہ یہ میچ آپ کو جتوائے گئے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: 'آپ زیادہ اترائیں نہیں'، عامر سہیل کی سرفراز پر تنقید‘

انہوں نے سرفراز احمد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ 'آپ زیادہ اترائیں نہیں کیونکہ ہمیں سب معلوم ہے کہ (کرکٹ میں) کیا ہوتا اور کیا نہیں ہوتا'۔

سرفراز پر تنقیدی بیان کے بعد عامر سہیل پر بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی، جس پر انھوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کی سیاق و سباق سے ہٹ کر تشریح کی گئی۔

تاہم اتوار کو ہونے والے ایونٹ کے فائنل سے قبل آج عامر سہیل نے سرفراز احمد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد وہ کپتان کے ساتھ بیٹھ کر تمام غلط فہمیوں کو دور کر دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا سرفراز احمد کو مشورہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑے عرصے بعد کسی ایونٹ کا فائنل کھیل رہا ہے۔ ٹیم نے بہت اچھا کھیلا اور آپ نے ہترین انداز میں قیادت کی۔

عامر سہیل نے کہا کہ جو بھی تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی ہے اسے ایک طرف رکھ کر اپنی سو فیصد کارکردگی دکھائیں اور ہمارا سر فخر سے بلند کر دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں