بھارت کی سپریم کورٹ کی جانب سے منگل 22 اگست کو مختلف درخواستوں پر دیے گئے تین طلاقوں سے متعلق فیصلے کا ہندوستان بھر میں خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔

عدالت کی جانب سے بیک وقت تین طلاق دینے پر پابندی کے فیصلے کو جہاں عام بھارتی اچھا عمل قرار دے رہے ہیں، وہی بولی وڈ اسٹارز بھی اس فیصلے سے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

مختلف اداکاروں نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے سوشل اکاؤنٹس کا سہارا لیا، کچھ اداکاروں نے اس فیصلے کو خواتین کی جیت، کچھ نے تاریخی فیصلہ، جب کہ کچھ نے اسے جمہوریت کی جیت اور خودمختاری سے تشبیح دی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ایک ہی وقت میں تین طلاق کا عمل غیر آئینی قرار

اداکار رشی کپور تو ویسے بھی کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اس بار بھی انہوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے تین طلاقوں پر پابندی کے فیصلے پر ٹوئیٹ کر ڈالی۔

رشی کپور نے فیصلے پر خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے 1982 کی فلم ’پریم روگ‘ کا حوالہ بھی دیا، یہ فلم میں بیواہ کی شادی اور حکومت کی جانب سے طلاق کے نظام کو ختم کرنے سے متعلق ہے۔

مزید پڑھیں: ہندوستان:مسلم خواتین کی 3بار طلاق کےخلاف جدوجہد

اداکارہ شبانہ اعظمی نے بھی فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹوئیٹ کی کہ’ وہ سپریم کورٹ کی جانب سے بیک وقت تین طلاقوں سے متعلق فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہیں، یہ ان بہادر خواتین کی جیت ہے، جنہوں نے اس کے لیے کئی سالوں سے طویل جنگ لڑی‘۔

دیا مرزا نے اسے جمہوریت کی جیت اور ہندوستان میں خواتین کے حقوق کے لیے تاریخی دن قرار دیا۔

انوپم کھیر نے بھی بیک وقت تین طلاقوں کی پابندی کے عدالتی فیصلے کو تاریخ قرار دیا، انہوں نے سپریم کورٹ کی تصویر بھی شیئر کی۔

مدھر بھنڈارکر نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے لکھا کہ ’ یہ ملک میں مسلمان خواتین کے حقوق کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں