سام سنگ کے متعدد صارفین نے گزشتہ سال اس وقت آئی فون کو ترجیح دی جب گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹریاں پھٹنے کے واقعات کے بعد تمام فونز کو واپس طلب کیا گیا۔

مگر اب جنوبی کورین کمپنی تمام صارفین کو واپس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آئی فون استعمال کرنے والوں کو بھی اپنی جانب کھینچنے کے لیے تیار ہے اور اس کے لیے وہ گلیکسی نوٹ ایٹ کو اپنا ہتھیار قرار دیتی ہے۔

مگر سوال یہ ہے کہ گلیکسی نوٹ ایٹ کیا واقعی اتنا بہتر ہے کہ لوگ آئی فون کو اس کے لیے چھوڑ دیں؟

تو یہاں گلیکسی نوٹ ایٹ کے ایسے فیچرز کا ذکر کیا جارہا ہے جو آئی فون کو پیچھے چھوڑ دیتے ہیں اور کم از کم ابھی دستیاب آئی فون سیون سے زیادہ بہتر ہیں۔

بہتر ڈوئل کیمرہ

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

آئی فون سیون پلس پہلا فون نہیں تھا جس میں ڈوئل کیمرے دیئے گئے تھے بلکہ ایچ ٹی سی ون ایم ایٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے مگر ایپل کی ڈیوائس کو پورٹریٹ موڈ کی بدولت مقبولیت حاصل ہوئی جس میں بیک گراﺅنڈ کو دھندلا کرکے کسی ڈی ایس ایل آر کیمرے جیسے معیار کی تصویر کے قریب پہنچا جاسکتا ہے۔ گلیکسی نوٹ ایٹ میں پہلی مرتبہ سام سنگ نے 12 میگا پکسل کا ڈوئل کیمرہ دیا، جن میں سے ایک وائیڈ اینگل جبکہ دوسرا ٹو ایکس ٹیلی فوٹو ہے، مگر یہ آئی فون سمیت دیگر سے اس لیے منفرد ہے کیونکہ دونوں کیمرہ لینس میں آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن موجود ہے تاکہ 10 ایکس زوم پر بھی ہاتھ ہلنے پر تصویر کا معیار خراب نہ ہو۔ یہ کیمرہ اس لیے بھی زیادہ اچھا ہے کیونکہ اس میں دونوں کیمروں سے ٹو ایکس زوم امیج کو دھندلے پس منظر کے ساتھ لیا جاسکتا ہے۔

بہترین ڈسپلے

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ گلیکسی نوٹ ایٹ 6.3 انچ امولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ہے اور اس وقت سب سے بہترین اسکرین والا فون ہے، یعنی بہت زیاد روشن، رنگ بہت اچھے جبکہ سچورٹیڈ کمال کی ہے۔ مگر جو چیز اس کے ڈسپلے کو آئی فون سے بہتر بناتی ہے، وہ ایچ ڈی آر ریڈی نامی فیچر ہے، جو کہ زیادہ بہتر کنٹراسٹ، وائیڈر ڈائنامک رینج، ڈیپر بلیک اور وائٹر وائٹس کے ساتھ ہے۔ آسان الفاظ میں ہر چیز اس میں بہت نمایاں نظر آتی ہے۔

اسٹائلوس

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی نوٹ سیریز کی شہرت ہی اس کا اسٹائلوس یا ایس پین ہے، جس کی نقل پر ایپل پینسل اور مائیکروسافٹ نے اپنا پین متعارف کرایا۔ مگر گلیکسی نوٹ ایٹ کا ایس پین پہلے سے زیادہ بہتر ہے جو کہ 4096 لیول پریشر سپورٹ کرتا ہے جبکہ 0.7 ملی میٹر ٹپ کے ذریعے ڈوڈلنگ بہت آسان ہوجاتی ہے اور ہاں یہ زیرآب بھی کام کرتا ہے، یہ پہلا ایس پین ہے جو مکمل جملوں کے ترجمے میں بھی مدد دیتا ہے۔

تیز وائرلیس چارجنگ

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

ویسے تو افواہیں ہیں کہ پہلی بار نئے آئی فون (آئندہ ماہ متوقع) میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر دیا جارہا ہے، مگر سام سنگ میں یہ فیچر کئی برسوں سے ہے اور نوٹ ایٹ میں اسے پرفیکٹ کردیا گیا ہے۔ دیگر فونز کے مقابلے میں سام سنگ کا یہ فون وائرلیس سے بھی اتنا ہی تیز چارج ہوتا ہے جتنا کیبل سے، کمپنی کے مطابق نوٹ ایٹ کو وائرلیس طریقے سے آدھے گھنٹے میں صفر سے 49 فیصد تک چارج کیا جاسکتا ہے۔

اسٹوریج بڑھانے کی سہولت

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

وائرلیس چارجنگ کے ساتھ اسٹوریج بڑھانے کا فیچر بھی برسوں سے موجود ہے۔ گلیکسی نوٹ ایٹ 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہے مگر اسے 256 جی بی کے مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ساتھ 320 جی بی تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ ایپل میں اب تک ایس ڈی کارڈ سلاٹ کسی فون میں نہیں دیا گیا اور صارفین کو ایک طے کردہ اسٹوریج تک ہی محدود رہنا پڑتا ہے۔

یہ ممکنہ طور پر پھٹے گا نہیں

فوٹو بشکریہ انگیجیٹ ڈاٹ کام
فوٹو بشکریہ انگیجیٹ ڈاٹ کام

گلیکسی نوٹ سیون کی ناکامی اس کی بیٹریاں پھٹنے کے واقعات تھے، ورنہ اس سے پہلے وہ سام سنگ کی تاریخ کا بہترین فون قرار دیا جارہا تھا۔ اب سام سنگ نے وعدہ کیا ہے کہ ایسے فونز تیار کیے جائیں گے جن کی بیٹریاں محفوظ ہوں گی، گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس نئی بیٹریوں کے ساتھ تھے اور آٹھ نکاتی حفاظتی معائنے کے بعد اب گلیکسی نوٹ ایٹ کی بیٹریاں محفوظ قرار دی جارہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں