بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر ولید انور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا واقعہ نکیال سیکٹر کے علاقے جنوبی کوٹلی میں گاؤں بالاکوٹ میں پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے فائرکئے گئے مارٹر شیل بالاکوٹ میں گرے جس کے نتیجے میں توشیبہ اقبال دختر راجا اقبال جاں بحق ہوگئیں جبکہ ان کی 18 سالہ بہن عنیقہ اقبال شدید زخمی ہوگئیں۔

ولید انور کا کہنا تھا کہ 'ایسا لگتا ہے کہ دونوں بہنیں گھر کے برآمدے میں بیٹھی تھیں جبکہ شیل ان کے ہمسایے کے گھر میں گرا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ عنیقہ کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال نکیال پہنچا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایل اوسی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 5 سالہ بچی جاں بحق

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ اولی پنجانی گاؤں میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے دن کو ایک 16 سالہ لڑکا دائیں ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں عباس پور سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پانچ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی تھیں جس کے بعد علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔

گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں نیزاپور سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیریوں کی شہادت پر احتجاج

پاکستان نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں 'بلااشتعال' فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد کی ہلاکت اور دیگر دو کے زخمی ہونے پر ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا تھا۔

ایل اوسی پر 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے معاہدے پر دستخط کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

رواں سال آزادکشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 176 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں