’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے سیکوئل میں سائرہ شہروز کاسٹ

26 ستمبر 2017
فلم میں سائرہ شہروز اور فہد مصطفیٰ کے علاوہ ہمایوں سعید، احمد علی بٹ اور واسع چوہدری کام کریں گے —۔ فائل فوٹو
فلم میں سائرہ شہروز اور فہد مصطفیٰ کے علاوہ ہمایوں سعید، احمد علی بٹ اور واسع چوہدری کام کریں گے —۔ فائل فوٹو

پاکستانی ہدایت کار ندیم بیگ کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ 2015 کی کامیاب فلم کے طور پر سامنے آئی تھی، جس کا سیکوئل بنانے کا اعلان بھی کیا گیا۔

اور اب اداکارہ سائرہ شہروز بھی اس فلم کے سیکوئل کا حصہ بننے جارہی ہیں۔

فلم ’چلے تھے ساتھ‘ کی مرکزی اداکارہ سائرہ شہروز نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس فلم کے سیکوئل کو سائن کرچکی ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا جوانی پھر واپس آ رہی ہے؟

ڈان سے بات کرتے ہوئے سائرہ شہروز کا کہنا تھا، ’میں اور فہد مصطفیٰ ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے، اگر آپ نے جوانی پھر نہیں آنی دیکھی ہے تو یقیناً یہ فلم بھی آپ کو اتنی ہی پسند آئے گی‘۔

خیال رہے کہ 2015 کی ہٹ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ دوستوں کے گروپ کی کہانی پر مبنی تھی جو اپنی بیویوں سے دور بینکاک میں چھٹیاں مناتے ہیں، اس فلم کے سیکوئل کے پلاٹ کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں، تاہم ہدایت کار ندیم بیگ نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ اگلے ماہ لندن میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا رنگا رنگ پریمئیر

سائرہ شہروز اور فہد مصطفیٰ کے علاوہ اس سیکوئل میں پہلی فلم کی کاسٹ ہی موجود رہے گی، جن میں ہمایوں سعید، احمد علی بٹ اور واسع چوہدری شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فہد مصطفیٰ نے فلم میں حمزہ علی عباسی کی جگہ لی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بولی وڈ اداکار رشی کپور کو بھی فلم میں ایک کردار ادا کرنے کی آفر دی گئی تھی تاہم انہوں نے اس سے معذرت کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: آپ کو 'جوانی پھر نہیں آنی' کیوں دیکھنی چاہیے؟

فلم اگلے سال ریلیز کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم میں احمد علی بٹ، ہمایوں سعید ، واسع چوہدری، حمزہ علی عباسی، مہوش حیات، عائشہ خان اور ثروت گیلانی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

فلم نے خوب بزنس کیا تھا، جسے پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں