پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو دو مافیاز نے لوٹا ہے اور انھوں نے جو نقصان پہنچایا ہے کوئی دشمن بھی نہیں پہنچاسکتا لیکن بڑے بڑے مگر مچھوں کو میں ہی پکڑوں گا۔

منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو سیاست میں آتے ہیں وہ ملک پر قبضہ کرکے پیسہ بناتے ہیں اور 30 سال سے دومافیاز نے سیاست کے نام پر ملک کو لوٹا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان اورمافیا میں بہت بڑا فرق ہوتا ہے، شریف مافیا 30 سال سے پنجاب پر قبضہ کرکے بیٹھا ہوا ہے۔

عمران خان نے عزیربلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ کو عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عزیربلوچ کہتا ہے کہ آصف زرداری کی بہن کو ایک کروڑ روپے جمع کرکے دیتاتھا اور زرداری کو سندھ میں 14 شوگر ملز پر قبضہ کر کے دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کا پیسہ چوری کرکے قوم کو مقروض کردیا گیا، ہمارا مقابلہ سیاست دانوں سے نہیں ان مافیاز سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان اگر عوام کی خدمت کرے تویہ عبادت بن جاتی ہے۔

ایف بی آر کو فعال ادارہ بنانے کا عزم کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آصف زرداری بتائیں کتنا ٹیکس دیتے ہیں، شریف خاندان ارب پتی ہے، ان سے پوچھیں کتنا ٹیکس دیتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں ٹیکس 35سوارب وصول ہوتا ہے، ایف بی آرکوٹھیک کروں گا اور وہاں پر ایمان دارلوگوں کوتعینات کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ نیب کرپشن ختم کرنے کا ادارہ ہے اور نیب کو بھی درست کروں گا کیونکہ ایک سال میں 4 ہزارارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑےمگرمچھوں کو پکڑوں گا جو عمران خان ہی کرسکتا ہے۔

لاہور میں ماڈل ٹاؤن کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انھوں ںے کہا کہ شہبازشریف نے پولیس کے ذریعے لوگوں کومروایا اور ماڈل ٹاؤن لاہور میں لوگوں پرگولیاں برسائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بکتا نہیں اس کو انتقامی کارروائی کرکے نکال دیاجاتاہے۔

عزیر بلوچ کی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'عزیربلوچ نے کہا کہ پی پی پی کی قیادت یعنی آصف زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا اور سب سے خوف ناک بات یہ ہے کہ عزیربلوچ نے جب بینیظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تو اس کا گارڈ شہنشا موجود تھا اور قیادت کے کہنے پر میں نے ان کو قتل کیا'۔

عمران خان نے کہا کہ عزیر بلوچ کہہ رہا ہے کہ بینیظیر بھٹو کے قتل کے گواہ کو مار دیا گیا کیا یہ کوئی سیاست دان کرسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں