بڑھاپے سے بچنے کیلئے ایک عادت سے بچنا ضروری

18 نومبر 2017
یہ انتباہ ڈنمارک میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ انتباہ ڈنمارک میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو

اگر تو آپ تمباکو نوشی پسند کرتے ہیں تو اس عادت کے متعدد نقصانات تو سامنے آتے ہی رہتے ہیں مگر اس کے نتیجے میں قبل از وقت بڑھاپا بھی طاری ہوسکتا ہے۔

یہ انتباہ ڈنمارک میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی تحقیق کے دوران 40 سال سے زائد عمر کے لگ بھگ 12 ہزار افراد کا جائزہ کئی برس تک لیا گیا۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ ایک پیکٹ سگریٹ کا استعمال 15 برس تک جاری رکھنا جسم پر بڑھاپے کے اثرات برسوں پہلے طاری کردیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ عادت بڑھاپے کی 4 علامات جیسے جھریاں، جلد پر زردی مائل نارنجی ٹیگ ابھر آنا، مردوں میں گنج پن اور دیگر کے مسائل کا باعث بنتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سگریٹ نوشی کے نتیجے میں جلد ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو کر سوجنا شروع ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں جھریاں ابھر آتی ہیں جبکہ اس کی سطح بھی متاثر ہوتی ہے۔

اسی طرح یہ عادت سب سے زیادہ ہونٹوں کو متاثر کرتی ہیں، جہاں فائن لائنز ابھر آتی ہیں جبکہ کولیگن نامی ہارمون کی مقدار میں کمی آتی ہے جس سے جلد کی لچک متاثر ہوتی ہے جو کہ اس کے لٹکنے اور جھریوں کا باعث بنتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ جلد بڑھاپے کے ساتھ ساتھ یہ عادت امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض اور کینسر وغیرہ کا باعث بھی بنتی ہے۔

یہ تحقیق 1976 سے جاری تھی جس کے دوران 21 سے 86 سال کی عمر کے ہزاروں افراد کا جائزہ لیا گیا جن میں سے پچاس فیصد سے زیادہ تمباکو نوشی کے عادی تھے۔

اس سے قبل رواں سال ہی مایو کلینک کی ایک تحقیق میں بھی ان نتائج کی تصدیق کی گئی تھی۔

مایو کلینک کی تحقیق کے مطابق اگر آپ تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے جواز چاہتے ہیں تو جان لیں کہ یہ چہرے پر جھریوں کا باعث بننے والی عادت ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سیگریٹ میں موجود نکوٹین خون کی شریانوں کو سکیڑتی ہے جس کے باعث جلد میں دوران خون کی شرح کم ہوجاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق ایسا ہونے پر آکیسجن اور اہم غذائیت جلد کو نہیں پہنچ پاتی جو کہ صحت مند نظر آنے کے لیے ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تمباکو نوشی کا ایک اور بڑا نقصان سامنے آگیا

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ سیگریٹ میں موجود متعدد کیمیکلز براہ راست کولیگن اور Elastin نامی پروٹینز کو نقصان پہنچاتے ہیں جو کہ جلد کے اسٹرکچر کو سپورٹ کرتے ہیں۔

اسی طرح سیگریٹ نوشی کے دوران چہرے کے اعضاءکو بار بار ایک عمل کرنا پڑتا ہے جیسے ہونٹوں کو سکیڑنا وغیرہ، تو ایسا کرنے پر جھریوں کی رفتار کو پر لگ جاتے ہیں۔

محققین نے مشورہ دیا کہ مختلف جان لیوا امراض کے ساتھ ساتھ قبل از وقت بڑھاپے سے بچنے کے لیے تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کردینا ہی بہتر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں