کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق سینیٹر سعید غنی کو کراچی ڈویژن کا صدر منتخب کردیا۔

پی پی پی کراچی ڈویژن کا صدر منتخب ہونے کے بعد سابق سینیٹر نے کہا کہ وہ کراچی کی خدمت کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لائیں گے۔

مزید پڑھیں: سعید غنی نے سینیٹ نشست چھوڑ دی

سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پارٹی رہنما نثار کھہوڑو اور فریال تالپور کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ پی پی پی نے جاوید ناگوری کو کراچی ڈویژن کا جنرل سیکریٹری منتخب کردیا ہے۔

20 جولائی 2017 کو سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سعید غنی نے اپنی سینیٹ کی رکنیت چھوڑ دی تھی۔

یاد رہے کہ اتوار 9 جولائی کو پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ کے کامران ٹیسوری کو 5734 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر میدان مارلیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) تیسرے نمبر پر رہی تھی۔

جس کے بعد کامران ٹیسوری نے الیکشن کمیشن میں انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس 114: سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کامران ٹیسوری کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن ٹریبیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی۔

الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد سعید غنی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے لیے جاری حکم امتناع بھی ختم ہوگیا، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کی نشست پر کامیاب ہونے والے پی پی پی کے امید وار سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں