پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی پولیس نے قتل عام ہونے سے بچایا اگر پولیس پشاور کے زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ پر حملے کے بعد 5 منٹ میں نہ پہنچتی تو بڑا نقصان ہوتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چشتیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مداخلت ختم کردیں تو پولیس دنیا کی بہترین فورس بن جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس میں بھرتیاں میرے کہنے پر نہیں میرٹ پر کی جاتی ہیں، جس کے بعد خیبرپختونخوا پولیس ملک بھر کے لیے مثالی پولیس بن گئی۔

مزید پڑھیں: زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے حملہ آوروں کو ہدف سے متعلق گمراہ کیا گیا، پولیس

واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کو پشاور کے زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ پر ہونے والے حملے میں 8 طلباء سمیت 9 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے تھے جبکہ 2 گھنٹے کے طویل آپریشن میں تینوں دہشت گردوں کو مار دیا گیا تھا۔

عمران خان نے چشتیاں میں عوام اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پولیس کا غلط استعمال ہو تو پولیس عوام کی رکھوالی نہیں کرسکتی، انہوں نے کہا کہ 4 سال میں میرے پاس ایک درخواست نہیں آئی کہ پولیس نے زیادتی کی۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف نے بغیر بلٹ پروف شیشے کے تقریر کی تھی اور یہی نیا خیبرپختونخوا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف پیسے کی خاطر عدلیہ اور فوج کے خلاف سازش پر تیار ہیں، نواز شریف جو بھی کرلیں، آپ کا لوٹا گیا پیسہ واپس لے کرآئیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے نواز شریف کا ساتھیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کا ساتھ دینے والوں کا نظریہ بھی صرف کرپشن ہے۔

عمران خان سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے چشتیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے منشور میں کسان کی خوشحالی شامل ہے کیونکہ کسان آج بھی پانی کو ترس رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو پانی مل گیا توملک خوشحال ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قیادت درست ہوتو ادارے بھی درست ہوتے ہیں، ہم غربت اور مہنگائی پر حملے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 9 افراد ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے معاملے کو چھیڑنے کی ضرورت نہیں تھی جبکہ دعویٰ کیا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کی طرح اداروں پر حملے نہیں کرتے۔

شاہ محمود قریشی کا دعویٰ تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں