پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) اور پیپلز پارٹی میں سیاسی اتحاد کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز وائز' میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان حالیہ ملاقات کا مقصد صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ان کے مطالبے کی حمایت کرنا تھا۔

انھوں نے کہا 'ہم نے نہ سیاسی اتحاد قائم کرنے کا کوئی اعلان کیا اور نہ ہی مل کر کام کریں گے، تاہم سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں، لہذا مستقبل میں ایسا ہو تو اس حوالے سے پہلے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ 2013 میں طاہرالقادری نے ہماری حکومت کے ہوتے ہوئے احتجاج کیا اور اپنے مطالبات سامنے رکھے، لیکن سیاست میں وقت ایک جیسا نہیں رہتا اور احتجاج کرنا اپوزیشن میں ہر ایک کا حق ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری کی شہباز شریف کے استعفے کے مطالبے کی حمایت

پی پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں طاہرالقادری نے پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف جو بھی باتیں کیں ہوں تاہم ہمیں یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ انھوں نے کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھایا جو غیر آئینی ہو۔

انھوں نے کہا کہ اگر کسی نے کوئی غیر قانونی مطالبہ کیا بھی ہے تو اس کا واپس راہ راست پر آنے کا وہ ہمیشہ خیر مقدم کریں گے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ انتخابات کا وقت جیسے جیسے قریب آتا ہے ویسے ویسے سیاسی جماعتوں میں ملاقاتیں ہونا عام سی بات ہے، مگر بعض اوقات ان ملاقاتوں کا مطلب کچھ اور نکال لیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دلوانے کے لیے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آواز بند کی ہے اور جب بھی عوامی تحریک کا کوئی احتجاج ہوا ہم ہمیشہ ہی شریک ہوئے، لہذا یہ تاثر دینا بھی غلط ہے کہ اچانک سے ہم اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 'طاہر القادری کا مطالبہ جائز ہے اسی لیے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی مشترکہ طور پر یہی موقف ہے کہ ہم اس میں ان کا ہر طرح کا ساتھ دیں گے‘۔

خیال رہے کہ سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری حال ہی میں عوامی تحریک کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے استعفے کے مطالبے کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن: باقر نجفی رپورٹ منظرعام پر لانے کا حکم جاری

منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں پی اے ٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں شہباز شریف مستعفی ہو کر عدالت کا سامنا کریں، کیونکہ اب شہباز شریف کو اس عہدے پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے لاہور ہائی کورٹ کے علی باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں پنجاب حکومت، بالخصوص رانا ثنااللہ کو 2014 کے واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا، جس میں پاکستان عوامی تحریک کے 14 کارکن جاں بحق اور 100 زخمی ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں