ایران نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بڑی صلاحیت کا حامل منصوبہ قرار دے دیا۔

پاکستان میں ایرانی سفارت کار مہدی ہنر دوست نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’اس طرح کے منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں جس کی مظبوطی کے لیے دیگر ممالک کو بھی اس کا حصہ بننا چاہیے جبکہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ منصوبہ خطے میں امن اور استحکام لے کر آئے گا‘۔

ایرانی سفیر نے ایرانی بندرگاہ ’چاہ بہار‘ کی اہمیت بتاتے ہوئے پاکستان کے کاروباری حضرات کو مخاطب کرکے کہا کہ اس نئے پورٹ سے پڑوسی ممالک میں پاکستانی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ایران کو سی پیک منصوبے میں شمولیت کی چینی پیشکش

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایران نے اپنے صوبے سستان بلوچستان میں اس اہم چاہ بہار پورٹ کا افتتاح کیا تھا جس میں پاکستان سمیت 17 ممالک کے وفود نے شرکت کی تھی۔

قبل ازیں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ایرانی کونسل جنرل احمد محمدی کے ہمراہ کراچی میں گورنر ہاؤس کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک منصوبہ: افغانستان بھی شمولیت کا خواہشمند

گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر سندھ نے ایرانی سرمایہ کاروں کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور انہیں حکومت کی جانب سے رہنمائی کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایرانی سفیر نے اپنا نظریہ بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے حکمران اور عوام دونوں ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں ایرانی وفد نے صنعت کاروں اور کاروباری کمیونٹی سے ظہرانے پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری میں ایران اور پاکستان کی صلاحیتوں کے حوالے سے معلومات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے دو طرفہ تجارت میں مسائل کا سامنا تھا۔

مزید پڑھیں: سی پیک میں پاکستانیوں کے لیے بھی سرمایہ کاری کرنے کا موقع

انہوں نے کہا کہ اب یہ صورت حال بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان اور ایران کا تجارتی حجم 31 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھاتے ہوئے اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے۔

ایرانی سفارتکار کار نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی در آمدات، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل در آمد اور مفت تجارت کے معاہدے پر دستخط دو برادرانہ اسلامی ممالک کے نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔


یہ خبر 9 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں