اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان

شائع March 15, 2018 اپ ڈیٹ March 15, 2018 07:28pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعران کے روز ملاجلا رجحان رہا اور بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 87 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

کاروبار کے اختتام سے قبل ملے جلے رجحان کے باعث انڈیکس 43 ہزار 495 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں انڈیکس کی بلند ترین سطح 43 ہزار 509 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 43 ہزار 367 پوائنٹس رہی۔

کاروباری سیشن کے دوران مجموعی طور پر 22 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 5 ارب 73 کروڑ روپے رہی۔

مجموعی طور پر 375 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 194 کی قدر میں اضافہ، 153 کے بھاؤ میں کمی اور 28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس میں 207 پوائنٹس کا اضافہ

الیگزر سیکیورٹیز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’کاروبار سیشن کا آغاز سنسان انداز میں ہوا اور پورا دن اس میں انتہائی کم سرگرمی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث بینچ مارک انڈیکس میں گزشتہ تین ماہ کا سب سے کم ٹرن اوور دیکھا گیا۔‘

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق ’تیزی کی کوئی وجہ نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں سست سرگرمی دیکھی گئی۔‘

کاروباری حجم کے لحاظ سے کیمیکل کا شعبہ سب سے نمایاں رہا جس میں 6 کروڑ 8 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026